نئی دہلی //سرحدی حفاظتی فورس (بی ایس ایف) کے ڈائریکٹر جنرل کے کے شرما نے کہا ہے کہ دراندازی کے راستوں کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔ شرما نے نئی دلی میں سالانہ پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا’’پاکستان دراندازی کی کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہے، ہم اس کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ سرحدی حفاظتی فورس دراندازی پر قابو پانے کے حوالے سے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ڈی جی بی ایس ایف نے کہا’’ ہم نے ان (دراندازوں) کے راستوں کی نشاندہی کرلی ہے اور ہم مستقبل میں کسی بھی قسم کی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ بار بار احتجاج درج کرنے کے باوجود پاکستانی فوج کی طرف سے لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحدوں پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔