حسین محتشم
پونچھ//جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ایس ایس پی پونچھ شفقت بٹ کی نگرانی میں اے ایس پی موہن شرمااور ایس ایچ او پونچھ کی قیادت میں پولیس نے کلائی کے دریا میں ایک کامیاب آپریشن کر کے جرات اور بہادری کی ایک مثال قائم کر کے سات مسافروں کو جن کی گاڑی حادثے کا شکار ہو کر سیلابی ریلے میں پھنسی ہوئی تھی۔پولیس کے جوانوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر شدید بارش کے درمیان 7 افراد کو بچا لیا۔مقامی لوگوںکے مطابق پونچھ کی تاریخ میں پہلی بار پولیس کی اس طرح کی جرات مندانہ کارروائی دیکھنے میں آئی جہاں پولیس کے سربراہ خود ہی دریا میں چھلانگ لگا کر مسافروں کو بچاتے نظر آئے۔شہریوں نے کہاکہ اس دوران ڈپٹی کمشنر پونچھ بھی رات کے آخری پہر میں متحرک نظر آئے جنہوں نے ضلع ہسپتال پہنچ کر اس بات کو یقینی بنایا کہ زخمیوں کی مناسب دیکھ بھال کی جائے۔ پونچھ کی سول سوسائٹی نے پونچھ پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہا ہے جنہوں نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر سات قیمتی جانوں کو بچایا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کے اقدامات اٹھائے جائیں گے اور لوگوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔