دریائے چناب کے پانی کے بہائو میں اضافہ ضلع انتظامیہ نے لوگوں کو دریاسے دور رہنے کی تلقین کی

ایم ایم پرویز

رام بن//ضلع مجسٹریٹ رام بن نے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں کو دریائے چناب سے دور رہنے تلقین کی ہے ۔انتظامیہ نے جاری بیان میں کہا کہ دریائے چناب کے بگلیہار ڈیم سے پانی چھوڑنے کی وجہ سے دریا میں پانی کی سطح میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے دریا سے احتیاطی طور پر دور رہا جائے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع مجسٹریٹ رام بن نے بگلیہار ہائیڈرو الیکٹرک پاور پروجیکٹ کے حکام کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر ایک ایڈوائزری جاری کی جس میں کہا گیا ہے کہ دریائے چناب میں پانی کی آمد میں حالیہ عرصہ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بگلیہار ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کو کھولا جانا ہے جس کی وجہ سے نیچے کی طرف دریا کے پانی کی سطح میں اضافہ ہوگا۔اس صورت حال کی روشنی میں اور عام آبادی/مسافروں/ڈرائیوروں کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانے کے لئے یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ انتہائی احتیاط برتیں اور دریا کے کنارے والے علاقوں کے قریب جانے سے گریز کریں کیونکہ تیز بہائوانتہائی خطرناک ہو سکتاہے ۔