پونچھ//محکمہ فلڈ کنٹرول کے خلاف کلائی میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔اس اس دوران مظاہرین نے جموں پونچھ شاہراہ کو بند کردیاجس کی وہ سے مسافروں کو مشکلات کاسامنا کرناپڑا۔مظاہرین نے محکمہ فلڈ کنٹرول اور ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے تحفظ کے اقدامات نہیں کئے جارہے۔انہوں نے کہاکہ 2014میں آئے سیلاب کے بعد سے اب تک دریا سے رہائشی بستیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے پختہ باند ھ نہیں بنائے گئے جس کی وجہ سے مزید سیلاب ہونے کی صورت میں تباہی کا خطرہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب میں بھی کلائی کے مقام پر درجنوں لوگ دریا کی زد میں آئے جنہیں پھر ہیلی کاپٹر کی مدد سے نکالاگیا۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے نیشنل پنتھرز پارٹی کے ضلع صدر اشفاق رانا نے کہا کہ محکمہ کے اعلیٰ افسران چونکہ ریت بجری مافیا کے خلاف کارروائی نہیں کرتے اس لئے وہ کھلے عام دریا سے ریت اور بجری نکال کر پانی کارخ بستیوںکی جانب موڑ دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریت مافیا پلوں کے قریب سے بھی ریت اور بجری نکال رہاہے جس سے ان پلوںکو بھی خطرہ ہے۔انہوںنے کہاکہ ریت بجری نکالنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور کلائی ،پونچھ، پوٹھہ اور دیگر ان مقامات پرحفاظتی باندھ تعمیر کئے جائیں جہاں زیادہ طغیانی کا خطرہ ہے ۔بعد میں انتظامیہ کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کیاگیا۔