نیوز ڈیسک
سرینگر //پیرکو دریائے جہلم میں آبی گذرکے قریب ’شاہ جہاں ‘نامی ہائوس بوٹ پانی میں ڈوب گیا، لیکن ہائوس بوٹ میں موجود سامان کو بچالیا گیا ۔ہائوس بوٹ کے مالک نذیر احمد نے بتایا ،’’ چند سال قبل بنایا گیا ہائوس بوٹ سوموار کو اچانک ڈوب گیا‘‘ ۔ نذیر احمد نے بتایا کہ ہائوس بوٹ میں آہستہ آہستہ پانی اندر آیا اور دیکھتے ہی دیکھتے پورا ہائوس بوٹ پانی سے بھر گیا لیکن اس دوران گھر میں موجود میرے اہلخانہ نے کچھ سامان بچا لیا ۔ نذیر احمد نے بتایا کہ وہ ابھی ٹینٹ میں کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں کیونکہ نہ تو ضلع انتظامیہ اور نہ ہی اور کسی ادارے نے ان کی مدد کی ہے۔ نذیر احمد کا کہنا تھا کہ چند سال قبل بنایاگیا ہائوس بوٹ ہی ان کی روزی روٹی کا واحد ذریعے تھا لیکن اب کمائی کا وہ ذریعے بھی کھو گیا ہے۔ نذیر احمد نے بتایا ’’ ہم پچھلے صبح سے بھوکے بیٹھے ہیں اور نہ تو سرکاری اور نہ مقامی لوگوں سے کوئی پوچھنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائوس بوٹ کے ڈوبنے کی خبر سننے کے بعد بچائوٹیم آئی ہے نہ ضلع انتظامیہ اور نہ صوبائی انتظامیہ نے خبر لی اور نہ ہی ہماری کسی نے مدد کی۔ نذیر احمد نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ہمیں تنہا چھوڑا گیا ہے اور ہم اس شہر کے رہنے والے نہیں ہے۔