سرینگر//شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دبائو کو کم کرنے اورصدیوں پرانے آبی ٹرانسپورٹ نظام کو بحال کرنے کے علاوہ لوگوں کو ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے کے لئے صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کہا ہے کہ جہلم میںعوام کے لئے آزمائشی طور ایک ماہ تک مفت آبی ٹرانسپورٹ سہولیات دستیاب رہیںگی۔ یہ خدمات پیرزو سے ویر چھتہ بل اورواپسی کے لئے دستیاب ہوں گی۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ آبی ٹرانسپورٹ بحال کرنے کی خواہاں ہیں جس کے لئے دریائے جہلم اورجھیل ڈل میںپہلے ہی دوآبی چینلوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔اٹلی اور یورپی ممالک کے معیار کے تحت آبی ٹرانسپورٹ کی شروعات کے لئے ایک ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ یہاں آبی ٹرانسپورٹ شروع کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ سیاحتی صنعت کو فروغ حاصل ہونے کے علاوہ عوام کے لئے ٹرانسپورٹ کے مزید ذرائع پید اکئے جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ آبی ٹرانسپورٹ سے جہاں ٹریفک کا دبائو کم ہوگا وہیں شکارا والوں اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے لئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس دوران ترقیاتی کمشنر سرینگر فاروق احمد لون نے دریائے جہلم میںپیرزو سے ویر چھتہ بل تک آبی ٹرانسپورٹ خدمات کے ذریعے آزمائشی طور سفر کیا،اُن کے ہمراہ ایڈیشنل کمشنرکشمیر،ایم ڈی جے کے ٹی ڈی سی،جی ایم جے کے ٹی ڈی سی اورناظم سیاحت کے علاوہ دیگر آفیسران بھی تھے۔ترقیاتی کمشنر نے آفیسران کو ہدایات دی کہ وہ عوام کے لئے مفت اورطمینان بخش آبی ٹرانسپورٹ سہولیات دستیاب رکھیں۔