سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمدخان نے کل آفیسران کی ایک میٹنگ میں دریائے جہلم میںڈریجنگ اورفلڈ سپل چینل کا کام کی پیش رفت کاجائزہ لیا۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر،اری گیشن فلڈ کنٹرول کے ایگزیکٹیو انجینئر ،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اور ریج ڈریجنگ لمیٹیڈ کے نمائندوں کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔جب کہ اننت ناگ ،بڈگام ،پلوامہ ،بانڈی پورہ اور بارہمولہ کے ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔اس موقعہ پر اری گیشن اینڈ فلڈ کنٹرول کے انجینئروں نے بتایا کہ ریچ ڈریجنگ لمیٹیڈ کمپنی نے آج تک 2.28لاکھ کیوبک میٹروں کی ڈریجنگ کی ہے جب کہ 4.05لاکھ کیوبک میٹروں کا ہدف مقرر ہے۔صوبائی کمشنر نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو اپنے متعلقہ اضلاع میں ڈریجنگ کے کام کاہفتہ وار جائزہ لینے کی ہدایت دی تاکہ مقررہ وقت پر ڈریجنگ کے کام کاہدف حاصل کیا جاسکے۔بصیر احمد خان نے ریچ ڈریجنگ کمپنی لمیٹیڈ کو دن رات کام کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے کہا کہ کام کی مقررہ وقت میں تکمیل کے لئے بارہمولہ میں اضافی مشینوں کو کام پر لگایا جانا چاہیے۔میٹنگ کے دورا ن اری گیشن اینڈ فلڈ کنٹرول کے انجینئروں نے یہ جانکاری دی کہ جہلم میں فلڈ سپل چینل کے کام میں برابر پیش رفت ہورہی ہے اور آج تک 43800پیڑوں کو کناروں سے ہٹایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کل 16ایکسکیو ویٹرس پروجیکٹ کے لئے کام کررہے ہیں۔بصیر احمد خا ن نے کلکٹر حصول اراضی آبپاشی وفلڈ کنٹرول کو مالکان زمین میں تین دن کے اندر اندر زمین کا معاوضہ فراہم کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے کہا کہ معاوضے کی ادائیگی کے بعد دوسرے دن ہی حاصل کی گئی زمین پر انہدامی کام شروع کیا جانا چاہیے۔