سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمدخان نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ دریائوں سے غیر قانونی طور معدنیات مثلاً ریت ،باجری اورپتھر وغیرہ نکالنے پر عائد کی گئی پابندی کو یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں۔صوبائی کمشنر نے ایک میٹنگ کے دوران لیہہ اورکرگل سمیت وادی کے مختلف اضلاع کے دریائوں میں معدنیات نکالنے پر عائد شدہ پابندی کاجائزہ لیا ۔صوبائی کمشنر نے اس سلسلے میں ترقیاتی کمشنروں کو خصوصی کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت دی جو دریائوں سے معدنیات نکالنے والوں کے خلاف کارروائی کے علاوہ اُن کے سامان اوردیگر آلات کو بھی ضبط کرے گی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ دریائوں سے غیر قانونی اورغیر سائنسی طریقے پر معدنیات نکالنے سے آبی ذخائر اوردریا کے کناروں کو سخت نقصان پہنچ رہا ہے۔صوبائی کمشنر نے جیولاجی اورمائننگ محکمے کو بولی کے حصول کی حد بندی کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے ایسے سٹون کریشرس کے خلاف بھی سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی جو ضوابط اوررہنماخطوط کو نظر انداز کررہے ہیں۔انہوںنے آبی ذخائر اوردریائوں میں اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں پر روک تھام کے لئے ایک جامع حکمت عملی تربیت دینے پر بھی زوردیا۔