عازم جان
بانڈی پورہ//حکام نے ایک عوامی ایڈوائزری جاری کی ہے کہ رہایشیوں اور سیلانیوں کو موسم گرما کی آمد کے پیش نظر پانی کی سطح میں اضافے کو دیکھتے ہوئے دریائے کشن گنگا اور اس کے ملحقہ آبی ذخائر سے دور رہنے کی وارننگ دی گئی ہے۔ حکام کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہاگیاہے کہ آنے والے دنوں میں کشن گنگا دریا اوراس کے ملحقہ آبی ذخائر میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ اچانک آمد کے باعث سپل وے گیٹس سے پانی کے اخراج کی ضرورت پڑ سکتی ہے جس سے قریبی علاقوں میں خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ پانی چھوڑنے سے پہلے انتباہی سائرن بجائے جائیں گے، لوگوں کو چوکس رہنے اور تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی۔ دریا کے کنارے رہنے والے رہائشیوں اور اس علاقے میں آنے والے سیاحوں کو خاص طور پر خبردار رہنے اور پانی کے قریب جانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔