عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع راجوری کے درہال علاقے کے مکینوں نے درہال تا ڈرہ سگرواٹ زیر تعمیر سڑک پر ناقص نکاسی آب کے نظام کے خلاف شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران پانی سیدھا زرعی زمینوں اور دیگر آبادی والے علاقوں میں داخل ہو رہا ہے، جس سے وسیع پیمانے پر فصلوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔کسانوں نے بتایا کہ کئی ایکڑ پر پھیلی مکئی کی فصل پانی کی وجہ سے بہہ گئی ہے، اور اگر بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو مزید نقصان کا خدشہ ہے۔مقامی افراد نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس سنگین مسئلہ کا نوٹس لیا جائے اور نکاسی آب کا مؤثر نظام بنایا جائے تاکہ فصلوں اور املاک کو مزید تباہی سے بچایا جا سکے۔عوامی غم و غصہ اس بات کی طرف بھی اشارہ کر رہا ہے کہ علاقے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں منصوبہ بندی اور معیار پر سوالیہ نشان ہیں۔مقامی کسانوں نے کہاکہ ’ہماری اپیل ہے کہ متعلقہ محکمے جلد از جلد حرکت میں آئیں اور مستقل نکاسی آب کا نظام تیار کریں تاکہ ہمیں فصلوں کے مزید نقصان سے بچایا جا سکے‘۔