عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری ضلع کے درہال قصبے کے مکینوں نے خستہ حال سڑک کی حالت پر حکومت کے خلاف زور دار احتجاج درج کیا۔مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ درہال کی مرکزی سڑک طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار ہے، اور بارہا اپیلوں کے باوجود حکام نے اب تک کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا ہے۔مظاہرین نے سڑک کو بند کر کے ٹریفک کی نقل و حرکت کو مکمل طور پر روک دیا، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔احتجاجی عوام نے پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (PMGSY) پر سنگین لاپرواہی کا الزام لگایا، اور کہا کہ اس اسکیم کے تحت دیہی علاقوں کو ہر موسم میں قابلِ استعمال سڑک فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن زمینی سطح پر اس کا کوئی اثر نظر نہیں آتا۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر سڑک کی مرمت اور بہتری کا عمل شروع کرے، کیونکہ سڑک کی خستہ حالت عوام کے لئے روزمرہ زندگی میں ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔احتجاج کو بعد میں پولیس افسران نے مداخلت کر کے پْرامن طریقے سے ختم کرایا۔ پولیس نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ معاملہ متعلقہ محکمہ کے ساتھ اٹھا لیا گیا ہے اور جلد ہی اس مسئلے کو حل کیا جائے گا۔