عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع راجوری کے درہال ملکان سے تعلق رکھنے والے 54 سالہ محمد اسحاق ملک، جو پیشہ سے استاد ہیں، نے قرآن پاک کا 611 صفحات پر مشتمل نسخہ ہاتھ سے لکھنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔وادی درہال کے رہنے والے محمد اسحاق نے رائٹنگ پیڈ پر قرآن پاک لکھا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے چھ ماہ اور 14دن میں قرآن پاک اپنے ہاتھ سے لکھا۔ انہوں نے کہا کہ میرا بچپن سے ہی یہ خواب تھا کہ میں ہاتھ سے قرآن پاک لکھوں اور الحمدللہ میں نے مکمل قرآن پاک لکھ کر ختم کیا۔
انہوں نے کہا کہ “میری ہمیشہ سے یہ خواہش رہی ہے کہ میں ہاتھ سے قرآن لکھوں کیونکہ میری لکھائی بچپن سے اچھی ہے۔ ایک بار میں ایک سٹیشنری کی دکان پر قلم خریدنے گیا۔ قلم خریدنے کے بعد میں نے ایک نوٹ بک پر بسم اللہ لکھا۔اسی دوران سٹیشنری کا مالک قلم کی کوالٹی چیک کرنے کے لیے مجھے دیکھ رہا تھا، پھر اس نے مجھے قرآن پاک لکھنے کی ترغیب دی۔ پھر مجھے احساس ہوا اور لکھنا شروع کیا‘‘۔انہوں نے کہا ’’ا بتدا میں ،میںنے خطاطی کا کام صرف یہ دیکھنے کے لیے کیا کہ کیا میں یہ کر سکتا ہوں کیونکہ احساس ہونے کے بعد یہ تھوڑی محنت ہے۔میںنے قرآن کے ایک باب سے آغاز کیا اور ایسا کرتے ہوئے خوشی محسوس کی جس کے بعدمیں نے پورے قرآن کی خطاطی ختم کرنے کا فیصلہ کیا‘‘۔انہوں نے کہا کہ میں نے ڈیوٹی کے اوقات میں ایک لفظ بھی نہیں لکھا کیونکہ نوکری لازمی ہے، میں صرف صبح اور شام کے اوقات میں لکھتا تھا جس میں میری بیوی، بیٹے اور میری بیٹی نے میرا بہت تعاون کیا، ہاتھ سے لکھا ہوا یہ قرآن پاک 611 صفحات پر مشتمل ہے۔