عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//فوج نے درہال راجوری میں بچوں کیلئے کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جس میں مقامی اسکولوں کے نوجوان کرکٹرز نے زبردست مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ یہ ایونٹ ’لانس نائیک محمد اقبال ملک وی آر سی انٹر اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ‘ کے سیمی فائنلز کی صورت میں جاری تھا، جہاں درہال کے نوجوانوں نے شاندار کھیل پیش کیا۔ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں دو ٹیموں کا مقابلہ ہوا، ایک طرف بوائز ہائر سیکنڈری اسکول اوجھان اور دوسری طرف بوائز ہائر سیکنڈری اسکول، نڈیاں کی ٹیم تھی۔ اوجھان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کے لئے آئی اور 10 اوورز میں 67 رنز بنائے۔ حریف ٹیم نے 67 رنز کا ہدف ساتویں اوور میں مکمل کر لیا اور چار وکٹوں سے یہ میچ جیت کر پہلے فائنلسٹ بن گئے۔ اس میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بوائز ہائر سیکنڈری اسکول دھندکوتے کے وقار احمد مرزا نے حاصل کیا، جنہوں نے 3 اوورز میں شاندار باؤلنگ کی اور تین وکٹیں حاصل کیں، جس کی بدولت ان کی ٹیم کو فتح حاصل ہوئی۔اس کے بعد دوسرا سیمی فائنل بوائز ہائر سیکنڈری اسکول درہال اور گورنمنٹ ڈگری کالج درہال کے درمیان ہوا۔دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا اور اس ایونٹ نے درہال کے نوجوانوں میں کھیلوں کے حوالے سے جوش و جذبہ پیدا کیا۔فوج نے اس ایونٹ کا انعقاد نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور کھیلوں کے ذریعے معاشرتی تعلقات کو فروغ دینے کے مقصد سے کیا تھا۔ ان کھیلوں نے مقامی بچوں کے لئے ایک بہترین موقع فراہم کیا ہے کہ وہ اپنی کھیلوں کی صلاحیتوں کو بہتر بنا سکیں اور ایک مثبت سمت میں آگے بڑھیں۔