عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//عید میلاد النبیؐ کی مقدس اختتامی تقریب کے سلسلے میں نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کل درگاہ حضرت بل میں حاضری دی اور نمازِ جمعہ بھی ادا کی۔انہوں نے وہاں عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقاء، جموں وکشمیر میں مکمل امن و امان ، لوگوں کی خوشحالی ، کشمیری قوم مصائب ، مشکلات اور مظالم سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے نجات پانے کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ لوگوں سے بھی ملاقی ہوئے اور عام شہریوں سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عالم اسلام کو درپیش چیلنجوں سے نجات پانے کیلئے اللہ کے دربار میں سربسجود ہوکر ان آزمائشوں سے نجات کیلئے دعائیں مانگیں۔انہوں نے کہا کہ مقدس ایام کے دوران اللہ اپنے نیک اور بے لوث بندوں کی دعائیں قبول فرماتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ درگاہ ہمارے ملی سرمایہ اور اسلامی تہذیب و تمدن کا گہوارہا ہے۔