جموں//تعمیراتِ عامہ کے وزیر نعیم اختر نے انجینئروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ماسٹر پلان کے مطابق حضرت بل زیارت گاہ میں پارکنگ کمپلیکس کی تعمیر کا کام جلد از جلد شروع کریں تا کہ علاقے کی گنجانیت کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی نقل و حمل میں بھی آسانی پیدا کی جا سکے ۔ وزیر نے یہ ہدایات کل حضرت بل میں جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا ایک میٹنگ کے دوران جائیزہ لینے کے دوران دیں ۔ مکانات و شہری ترقی کی وزیر مملکت آسیہ نقاش بھی اس موقعہ پر موجود تھیں ۔ نعیم اختر نے کہا کہ پارکنگ سہولیات قایم کرنے سے حضرت بل زیارت گاہ میں کافی تعداد میں حاضری دینے والے زائرین اور سیاحوں کو سہولیات دستیاب ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ دستیاب جگہ کو ایک بہتر ڈھنگ سے استعمال میں لایا جانا چاہئیے تا کہ علاقے کی جاذبیت کو بھی برقرار رکھا جا سکے ۔ میٹنگ کے دوران حضرت بل علاقے کے کئی اہم سڑکوں کی کشادگی اور گنجانیت کو کم کرنے کے سلسلے میں ہو رہے کام کو بھی زیر بحث لایا گیا ۔ ان میں حضرت بل سے بژ ھ پورہ روڈ ، شالہ سے نسیم روڈ اور زند شاہ مسجد روڈ بھی شامل ہیں ۔ وزیر نے انجینئروں پر زور دیا کہ وہ متعلقین کے ساتھ مشاورت کے بعد رکاوٹوں کو فوری طور سے دور کریں تا کہ پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ پروجیکٹوں کی موثر عمل آوری کیلئے مختلف محکموں کے آپسی تال میل کو بھی یقینی بنایا جانا چاہئیے ۔ وزیر نے کہا کہ سیاحتی سیکٹر کی ترقی کا راز بھی بہتر بنیادی ڈھانچے میں مضمر ہے ۔ چیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی سرینگر شیخ امیر ، ایم ڈی جے کے پی سی سی سید نعیم احمد کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔