سرینگر//عیدمیلاد النبیؐ کے مقدس موقعے پر درگاہِ حضرت بل میں ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی نااہلی اور غفلت شعاری کی وجہ سے انتظامیہ بھی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے کہا کہ اگرچہ حکومت اور انتظامیہ ذرائع ابلاغ میں عید میلاد کی تیاریوں کے سلسلے میں بڑی بڑی میٹنگوں کے فوٹو اور فلمیں شائع کرواتی رہیں لیکن آج ناقص اور غیر معقول انتظامات دیکھ کر لوگوں نے حکومت، انتظامیہ اور وقف بورڈ کیخلاف سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ نہ تو فرش و فروش ڈھنگ سے بچھایا گیا تھا ، مائک و لائوڈ سپیکروں کا انتظام بھی غیر معقول رکھا گیا تھا اور صحت و صفائی کا بھی فقدان تھا۔ ناصر اسلم وانی نے کہاکہ عیدمیلاد النبیؐ کے دن وادی کے اطراف و اکناف سے بے شمار لوگ درگاہ حضرت بل کا رُخ کرتے ہیں اور سیاسی، سماجی اور دینی تنظیمیں حکومت ، انتظامیہ اور وقف بورڈ سے انتظامات کی اپیلیں کرتے رہتے ہیں ۔ اس کے باوجود بھی مناسب اور معقول انتظامات نہ رکھنا نااہلی اور غیر سنجیدگی کی انتہاہے۔