یو این آئی
نئی دہلی// نو منتخب صدر دروپدی مرمو نے پیر کو کہا کہ ان کا صدر بننا ملک کے ہر غریب کا کارنامہ ہے اور یہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ ہندوستان میں غریب سپنے دیکھ سکتے ہیں اور انہیں پورا بھی کر سکتے ہیں۔پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں ملک کے 15ویں صدر کی حیثیت سے حلف لینے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں مرمو نے کہا کہ یہ ملک کی جمہوریت کی طاقت ہے کہ ایک غریب گھرانے اور قبائلی علاقے میں پیدا ہونے والی بیٹی اعلیٰ ترین آئینی عہدہ پر پہنچی۔ یہ ہماری جمہوریت کی طاقت ہے کہ ایک غریب گھر اور،دور دراز کے قبائلی علاقے میں پیدا ہونے والی بیٹی ہندوستان کے اعلیٰ ترین آئینی عہدے تک پہنچ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا ’’ صدر کے عہدے تک پہنچنا میری ذاتی کامیابی نہیں ہے، یہ ہندوستان کے ہر غریب کی کامیابی ہے، میرا انتخاب اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندوستان میں غریب لوگ خواب دیکھ سکتے ہیں اور انہیں پورا کر سکتے ہیں‘‘۔ملک کے سب سے کم عمر صدر نے کہا ’’ غریب، پسماندہ، اور قبائلی، جو صدیوں سے ترقی کے ثمرات سے محروم ہیں، ان کو اپنا عکس نظر آرہا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا، ’’میرے اس انتخاب میں ملک کے غریبوں کا احسان، ملک کی کروڑوں خواتین اور بیٹیوں کے خوابوں اور صلاحیتوں کی جھلک شامل ہے۔ دنیا کی فلاح و بہبود کے جذبے کے ساتھ، میں آپ سب کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے پوری لگن اور لگن کے ساتھ کام کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہوںگی‘‘۔
انہوں نے کہا کہ وہ تمام ہم وطنوں بالخصوص نوجوانوں اور خواتین کو یقین دلاتی ہیں کہ ان کے مفادات ان کے لیے سب سے اہم ہوں گے۔ انہوں نے کہا، ’’میرے لیے ہندوستان اور تمام ہم وطنوں کے جمہوری ثقافتی نظریات ہمیشہ میری توانائی کا ذریعہ رہیں گے۔ محترمہ مرمو نے اپنی حلف برداری سے قبل راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کی سمادھی پرخراج عقیدت پیش کرنے کی غرض سے پھو ل چڑھائے۔۔ اس کے بعد سبکدوش ہونے والے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند اور ان کی اہلیہ سویتانے راشٹرپتی بھون میںمرموکو مبارکباد دی۔ اس کے بعد وہ ایک با قاعدہ جلوس کے ساتھ مرکزی ہال پہنچیں۔راجیہ سبھا چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو، وزیراعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، مرکزی وزرا، گورنرز، وزرائے اعلیٰ، سفارتی مشنوں کے سربراہان، ارکان پارلیمنٹ، حکومت کے پرنسپل سوِل اور ملٹری افسران بھی حلف برداری کی تقریب میں موجود تھے۔
بھارت کیلئے تاریخی لمحہ:مودی
نیوز ڈیسک
نئی دہلی//وزیراعظم نے دروپدی مرمو کے عہدہ صدارت سنبھالنے کو بھارت کیلئے ایک اہم اور تاریخی لمحہ قرار دیا۔ نریندر مودی نے کہا کہ دروپدی مرمو کا صدر جمہوریہ کے عہدے پر فائز ہونا بھارت کیلئے بالخصوص غریبوں، حاشیے پر رہنے والے اور مظلوم و پسماندہ لوگوں کیلئے ایک بیحد اہم اور تاریخی لمحہ ہے۔ سلسلے وار ٹوئٹس میں وزیر اعظم نے کہاکہ پوری قوم نے فخر کے ساتھ صدر جمہوریہ کی حیثیت سے دروپدی مرمو کے حلف لینے کے منظر کو دیکھا۔ اْنہوں نے کہاکہ صدرجمہوریہ کے طور پر حلف لینے کے بعد اپنے خطاب میں مرمو نے امید، دردمندی اور ہمدردی کا پیغام دیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ محترمہ مرمو نے ایسے وقت میں، جب بھارت آزادی کا امرت مہوتسو منارہا ہے، ملک کی حصولیابیوں پر زور دیا اور آگے کیلئے مستقبل کا وژن پیش کیا۔ مودی نے ایک ثمرآور صدارتی میعاد کیلئے انہیں نیک خواہشات پیش کیں۔