عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// بارشوں کے بعد وادی کشمیر میں رات کے درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی ہے جس سے لوگوں کو کئی روز بعد شدید گرمی سے راحت ملی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دارالحکومت سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت 19.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔سرینگر میں کچھ روز قبل رات کا درجہ حرارت 25.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ گلمرگ میںشبانہ درجہ حرارت 13.5 ڈگری ،پہلگام میں14.2 ، قاضی گنڈ میں18.6 اور کپواڑہ میں کم از کم درجہ حرارت 18.2 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا ۔ادھر سرینگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 31.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ سونہ مرگ میں 21.5 ملی میٹر اور کھڈونی میں 25.5 ملی لیٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔وادی کے سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالترتیب 1.2 ملی میٹر اور 0.6 ملی میٹر،سرحدی ضلع کپوارہ میں 0.6 ملی میٹر جبکہ قاضی گنڈ میں 10.4 ،بڈگام میں 10 ملی میٹر جبکہ بارہمولہ میں 10 ملی میٹر جبکہ گاندربل میں 1.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پیر کو سرینگر کا درجہ حرارت 31.0درج کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام میں27.6،گلمرگ 21.0،کپوارہ 32.6 اورجموںمیں33.9 ،بانہال 29.5، بٹوٹ 27.3، بھدرواہ 28.6اور کٹرا 30.2ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ فی الحال 11جولائی تک اسی طرح کا موسم رہے گا۔تاہم انہوں نے کہا کہ اس طرح کی شدت کی بارشیں یا ہوائیں نہیں چلی گئیں۔ انکا کہنا تھا کہ صبح یا شام کے وقت ہلکی بارشیں ہونگیں لیکن 11سے 14جولائی تک ایک بار پھر گرمی کا زور رہے گا۔ڈائریکٹر نے کہا کہ فی الحال کچھ دنوں کیلئے دن کا درجہ حرارت 29سے 31ڈگری رہے گا۔