محمد تسکین
بانہال // ادھمپور کے تھارڈ علاقے میں جموں سرینگر قومی شاہراہ کی ابتر صورتحال کے باعث گزشتہ دو روز سے رام بن ضلع کے شیر بی بی اور بانہال کے درمیان 500سے زائد سیب سے لدھے ٹرک درماندہ ہیں۔اتوار کے روز سرینگر کی سماجی تنظیم اتھہ روٹ کشمیر کی ایک ٹیم بانہال پہنچی، جہاں انہوں نے مقامی رضاکار تنظیم بانہال والنٹیرس کے تعاون سے شیر بی بی ۔ بانہال شاہراہ کے سیکٹر میں پھنسے ٹرک ڈرائیوروں میں راشن اور دیگر ضروری سامان تقسیم کیا۔ بانہال والنٹیرس کے صدر محمد ادریس وانی نے کہا کہ اتوار شام تک پانچ سو ٹرک ڈرائیوروں میں اتھ روٹ کی طرف سے لایا گیا راشن تقسیم کیا گیا اور اس کار خیر میں بانہال والنٹیرس کے رضاکار اتھہ روٹ کے ساتھ امدادی کاروائیوں کا حصہ تھی۔اس دوران ادھمپور میں شاہراہ کی خستہ حالی کے سبب گزشتہ تین ہفتوں سے ادھمپور، رام بن اور قاضی گنڈ میں بھی سینکڑوں مال بردار ٹرک درماندہ ہیں اور ادہم پور میں شاہراہ کی صورتحال میں بہتری آنے کے بعد ہی سیب سے لدھی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی جائے گی ۔