سرینگر//طالب علموں کو درس و تدریس کی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور غفلت شعاری کے مرتکب افرادکے خلاف ضابطے کے تحت کاروائی کی جائے گی۔ ضلع بڈگام میں ہائی سکول چھانہ پورہ اوراتینہ کے ہیڈماسٹرس کو معطل کئے جانے کے احکامات صادر کرنے کے بعد ناظم تعلیم کشمیرڈاکٹر جی این ایتو نے جنوبی کشمیر کا رُخ کیا اور وہاں گرلز ماڈل ہائر سیکنڈری سکول بجبہاڑہ کا اچانک معائنہ کیا۔ اس موقعے پر ناظم تعلیم نے جوائنٹ ڈائریکٹر ساؤتھ اور انچارج سی ای او اننت ناگ ڈاکٹر ناصر احمد لون کے ہمراہ سکولوں کے مختلف کلاسز کا معائنہ کیا اور وہاں درس و تدریس کے عمل کا جائزہ لیا۔ جس دوران ناظم تعلیم کشمیر نے ہدایات جاری کئے کہ مارچ مہینے کے اختتام پر وادی کشمیر کے تمام سکولوں میں طالب علموں کی حاضری کا جائزہ لیا جائے گا اور اس سلسلے میں متعلقہ سکولوں کی طرف سے اُن طالب علموں کی فہرست مشتہر کی جائے گی، جن کی حاضری تسلی بخش نہ رہی ہو۔ انہوں نے سکول کے ہربل گارڈن اور کینٹین کا معائنہ کرنے کے دوران کئی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ درس تدریس کے سلسلے میں سیلبس کی تکمیل ، پریکٹکلز کی عمل آوری اور طالب علموں کی مکمل حاضری کو کسی بھی صورت میں یقینی بنایا جانا چاہیے اور اِ س سلسلے میں ناتسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سکولوں کے سربراہان کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے اس سلسلے میں بڈگام کے دو معطل شدہ ہیڈماسٹرس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں کشمیر ڈویژن کے اطراف و اکناف میں سکولی معائنہ ٹیموں کی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس ضمن میں محکمہ تعلیم نے زونل ، ضلعی اور صوبائی سطح کی ٹیموں کو تشکیل دیا ہے۔ بعد میں ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر ایتو نے جوائنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر کی موجودگی میں ضلع اننت ناگ کے زونل ایجوکیشن افسران کی ایک ہنگامی میٹنگ طلب کی اور وہاں ضلع میں تعلیمی سرگرمیوں اور سہولیات کے ساتھ ساتھ سابقہ میٹنگ کے دوران دی گئیں ہدایات کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔ میٹنگ کے دوران ڈاکٹر ناصر نے جانکاری دی کہ ضلع کے دور دراز علاقوں میں اساتذہ کی مکمل فراہمی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں اقدامات کئے جارہے ہیں اور چند ہی دنوںمیں اس عمل کو حتمی شکل دی جائے گی۔میٹنگ کے دوران متعلقہ زونل ایجوکیشن افسران نے سکولوں سے متعلق کئی معاملات افسران کی نوٹس میں لائے۔جس کے جواب میں ناظم تعلیم کشمیر نے چند معاملات کو موقعے پر ہی حل کرنے کی ہدایات دیں ۔میٹنگ میں ڈی ای پی او اننت ناگ فیاض احمد اور کئی دیگر افسران موجود تھے۔