عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی نے سرینگر میں عیدگاہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نوجوانوں کے وفود، سپورٹس کلبوں کے نمائندوں سے ملاقات کی اور یہاں کھیل کے میدان کی بحالی کیلئے ان کے مطالبات سنے۔ بعد ازاں انہوں نے کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے گرانڈ کو اَپ گریڈ کرنے کے حوالے سے سپورٹس کونسل کے حکام سے بات چیت کی۔ وقف چیئرپرسن نے نوجوانوں کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات کا خیال رکھا جائے گا۔ کھلاڑیوں کے نمائندوں نے اپنے مطالبات کو موقع پر حل کرنے کیلئے ڈاکٹر درخشاں کا شکریہ ادا کیا۔ اندرابی نے کھیلوں کے میدان کے علاقے کو بہتر بنانے میں مدد کی یقین دہانی پر سپورٹس کونسل کے حکام کا بھی شکریہ ادا کیا۔ وقف بورڈ چیرپرسن نے تاریخی عید گاہ کے بنیادی ڈھانچے کے مستقبل کے منصوبوں کیلئے زمینی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر اندرابی کے دورے کے دوران علاقے کے ممتاز شہریوں نے بھی ان سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا،’’ہمارے ترقیاتی منصوبے ہمیشہ زمینی سطح پر ٹھوس شکل اختیار کرتے ہیں۔ عوام کی شمولیت اور مقامی تعاون سے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی ضرورت کے مطابق تکمیل میں مدد ملتی ہے۔‘‘ – سماجی کارکن فہیم ریشی نے ڈاکٹر درخشاں اندرابی سے بھی ملاقات کی۔ نوجوانوں کے وفد میں بابا مدثر، اعجاز شالہ، محمد اشرف اور دیگر شامل تھے۔