سرینگر//وقف بورڈکی چیئرپرسن ڈاکٹردرخشان اندرابی نے یہاں ایک میٹنگ میں وقف کی انجینئرنگ ونگ کے کام کاج کاجائزہ لیاتاکہ آنے والے کام کے سیزن میں زیارت گاہوں کے چھوٹے بڑے تعمیراتی کاموں کوشروع کیاجائے۔انہوں نے دوران میٹنگ وقف کے تمام تعمیراتی کاموں کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت دینے کے علاوہ وقف اخراجات کابھی جائزہ لیا۔ڈاکٹراندرابی نے وقف بورڈ کے سابق حکام کی طرف سے تمام بڑی زیارت گاہوں کونظراندازکرنے پرمایوسی کااظہار کیااورتمام زیارت گاہوں میں عقیدتمندوں کی سہولیت کیلئے فوری اقدام کرنے کی ہدایت دی۔ میٹنگ کے دوران انجینئرنگ ونگ نے چیرپرسن کواہداف کو معینہ مدت میں مکمل کرنے میں حائل رکاوٹوں سے آگاہ کیا۔میٹنگ کے دوران آثارشریف حضرت بل،زیارت مخدوم صاحبِ، دستگیر صاحب،زیارت باباریشی،عشمقام زیارت گاہ۔چرارشریف اور دیگر دوسری زیارت گاہوں جہاں عقیدتمندوں کارش ہوتا ہے اور لوگ تعمیراتی اور دیگر کاموں کیلئے دل کھول کر چندہ دیتے ہیں ،پرتوجہ مرکوزکی گئی۔قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر درخشان اندرابی کی قیادت میں وقف نے سخت پالیسی اپنائی ہے جس کے تحت زیارت گاہ کی آمدن کے مطابق ہی اخراجات کئے جاتے ہیں اور ایک زیارت گاہ کے عطیات کودوسری زیارت پرمنتقل کرنے کو روک دیا ہے۔