پلوامہ//دربگام پلوامہ میں کریک ڈائون کے دوران مشتعل نوجوانوں اور فورسزمیںشدید ترین جھڑپیں ہوئیں۔جنگجوئوں کے موجودہونے کی اطلاع ملتے ہی فوج ،فورسزاورٹاسک فورس اہلکاروں نے اتوار کو دربگام علاقہ کومحاصرے میں لے لیا۔معلوم ہواکہ سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے گھرگھرتلاشی کارروائی کا آغاز ہوتے ہی نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد گھروں سے باہر آگئی اور مساجد کے لاوڈ اسپیکروں سے اعلانات شروع کئے جس کیساتھ ہی جھڑپوں کا آغاز ہوا۔پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں گائوں میں 3جنگجوئوں کی موجودگی کا علم ہوا تھا۔مظاہرین نے نعرے بازی کرتے ہوئے فورسز پر کئی مقامات پر شدید پتھرائو کیا جس کے جواب میں جب لاٹھی چارج سے کام نہیں بنا تومشتعل افرادکومنتشرکرنے کیلئے شدید شلنگ کی گئی۔مظاہرین اور فورسز کے مابین کافی دیر تک جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے بعدکچھ مکانات کی تلاشی لینے کے بعدفورسز اہلکار یہاں سے واپس چلے گئے ۔