سرینگر//چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے کل سرینگر سے جموں موسمِ سرما 2017 کیلئے سالانہ دربار موو کیلئے انتظامات کا افسران کی ایک میٹنگ میں جائیزہ لیا ۔جن دفاتر میں 5 روزہ کام کاج کا ہفتہ پر عمل درآمد کیا جاتا ہے وہ 27 اکتوبر کو سرینگر میں بند ہو رہے ہیں جبکہ ہفتہ کے 6 دن کام کرنے والے دفاتر 28 اکتوبر کو بند ہوں گے اور تمام دفاتر 6 نومبر 2017 کو جموں میں کھلیں گے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ جے اینڈ کے ایس آر ٹی سی نے دفتری ریکارڈ اور ملازمین کولے جانے کیلئے معقول تعداد میں ٹرکیں اور بسیں دستیاب رکھی ہیں اوریہ بسیں اور ٹرکیں 27,28 اور 29 اکتوبر 2017 اور 4 اور 5 نومبر 2017 کو سرینگر سے جموں روانہ ہوں گی ۔ چیف سیکرٹری نے دربار مو کے ایام کے دوران اضافی بسیں اور ٹرکیں دستیاب رکھنے کے علاوہ معقول تعداد میں کرینیں ، موبائیل ورکشاپ ، ریکوری وین ، موبائیل میڈیکل ٹیموں ، ایمبولینسوں ، میڈیکل ایڈز سہولیات ضروری ساز و سامان اور عملے سمیت دربار موو کے راستے میں تعینات کرنے کی بھی ہدایت دی تا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بخوبی نمٹا جا سکے ۔ چیف سیکرٹری نے بیکن ، سمپرک اور این ایچ اے آئی حکام کو دربار موو ایام کے دوران سرینگر ۔ جموں قومی شاہراہ بالخصوص حساس مقامات پر سڑک کی بہتر حالت کو یقینی بنانے کیلئے کہا ۔ آئی جی پی ٹریفک /آر ٹی او سرینگر کو ہدایت دی گئی کہ وہ دربار موو ایام کے دوران سرینگر سے جموں جانے والے دربار موو ملازمین سے ٹیکسی اوپریٹروں کو اضافی کرایہ طلب کرنے پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دی ۔ چیف سیکرٹری نے محکمہ خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین کو دربار موو ملازمین کیلئے جموں قیام کے دوران عارضی راشن کارڈ اور رسوئی گیس کنیکشن جاری کرنے کیلئے کہا ۔ اس کے علاوہ متعلقہ محکموں کو دربار موو ملازمین کی رہایشی کالونیوں میں صفائی ستھرائی ، بجلی اور پینے کے پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے بھی کہا ۔ چیف سیکرٹری نے اسٹیٹس محکمہ اور جموں میونسپل کارپوریشن کے افسران کو ملازمین کی رہایشی کالونیوں کا معائینہ کرنے اور وہاں تمام لازمی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے علاوہ پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے ٹینکوں کی صفائی کا کام ہاتھ میں لینے کے علاوہ ان کالونیوں میں بھر پور صفائی مہم چلانے کی ہدایت دی ۔اسٹیٹس محکمہ کو کنٹرول روم /شکائتی سیل رہایشی کوارٹروں میں قایم کرنے کی ہدایت دی تا کہ ملازمین کے روز مرہ کے مسائل کا ازالہ یقینی بنایا جا سکے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے بی ایس این ایل حکام کو سول سیکرٹریٹ جموں کے احاطے میں ایک کاؤنٹر قایم کرنے کی درخواست کی ۔ چیف سیکرٹری نے آئی ٹی محکمہ کو جموں سیکرٹریٹ میں لین /انٹر نیٹ کنیکشنوں کو 6 نومبر 2017 کو مکمل طور چالو کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے سرینگر اور جموں میں ملازمین کی رہایشی کالونیوں میں معقول حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی بھی متعلقہ حکام کو ہدایت دی ۔ ڈویژنل کمشنر جموں کو یکم نومبر 2017 کو پیشگی جموں میں تعینات کئے جانے والے دربار موو افسران کے ساتھ میٹنگ منعقد کرنے کی بھی ہدایت دی گئی تا کہ جموں میں دربار کی منتقلی کے سلسلے میں کام کاج کے پہلے دن کیلئے دفاتر تیار ہوں ۔چیف سیکرٹری نے ڈائریکٹر اسٹیٹس کو سول سیکرٹریٹ سرینگر کی تیسری منزل کو سرما کے دوران استعمال کیلئے مکمل طور چالو رکھنے کیلئے کہا تا کہ چیف سیکرٹری، انتظامی سیکرٹریز اور دیگر افسران اپنے سرینگر دورے کے دوران اسے استعمال کر سکیں ۔