دربار منتقل ہوا لیکن ٹریفک نظام نہ سدھرا

Kashmir Uzma News Desk
4 Min Read
سرینگر //دربار جموں منتقل ہوئے 12روز گزرچکے ہیں لیکن شہر سرینگر میں ٹریفک جام کی صورتحال جوں کی توں ہے اور دربار منتقل ہونے کے باوجود بھی ٹریفک نظام میں کوئی سدھار نظر نہیں آرہا ہے ۔محکمہ ٹریفک جموں نے جہاں اُس بات کا اعتراف کیا ہے کہ جموں میں اس وقت سرینگر سے دربار مو کے ساتھ 40فیصد گاڑیاں پہنچی ہیں تاہم سرینگر میں 40فیصد گاڑیوں میں کمی آنے کے باوجود بھی یہاںٹریفک کا نظام بد سے بدتر ہے اور محکمہ ٹریفک جامنگ کو کنڑول کرنے میں بری طرح سے ناکام ہوا ہے ۔حیران کن بات یہ ہے کہ نہ صرف سول لائنز بلکہ شہر کے دیگر علاقوںاور بائی پاس پر بھی ٹریفک جام اب ایک معمول بن گیا ہے۔طویل جامنگ کی وجہ سے نہ صرف طلاب بلکہ مسافروںاور گاڑیوں میں سوار ہسپتال جارہے مریضوںکو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔ ٹریفک جام بھی اُنہیں جگہوں پر دیکھنے کو ملتا ہے جہاں پر محکمہ کے اہلکاروں کی ٹولیاں کھڑا ہوتی ہیں ۔کئی ایک مسافروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دربار مو سے قبل تو شہر گاڑیوں سے بھرا تھا لیکن جب دربار جموں منتقل ہوا تو انہیں اُمید ہوئی کہ اب ٹریفک جام سے نجات ملے گی ،لیکن نہ ٹریفک جامنگ سے نجات مل رہی ہے اور نہ ہی ٹریفک نظام میں کوئی سدھار نظر آرہا ہے ۔پرویز احمد نامی ایک مسافر نے بتایا کہ ٹریفک جامنگ کی ایک وجہ میٹا ڈاروں اور دیگر چھوٹی بڑی گاڑیوں کیلئے مخصوص سٹاپ قائم نہ کرنا ہے یہ گاڑیاں من مرضی سے سواریاں اُٹھاتی اور اُتارتی ہیں اور انہیں بھی پوچھنے والا کوئی نہیں ہے ۔سنجیدہ فکر لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ ٹریفک کو شہر میں ڈبل لائن میں گاڑیوں کو چلانا چاہئے ،لیکن یہاں کی تنگ سڑکوں پر چار لائنیں بنا کر گاڑیاں چلتی ہیں اور ایسا محکمہ کے اہلکاروں کے سامنے ہوتا ہے اور اس پر بھی قابو پانے میں محکمہ ناکام ہے ۔ایس ایس ایس پی جموں سٹی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دربار مو کے ساتھ سرینگر سے جموں 40فیصد گاڑیاں آئی ہیں اور اس وجہ سے یہاں پر بھی کئی ایک جگہوں پر ٹریفک جام لگ جاتا ہے ۔کشمیر عظمیٰ نے اس حوالے سے جب ایس ایس پی ٹریفک سرینگر طاہر سلیم خان سے پوچھا تو انہوں نے کہا پچھلے 8روز سے دن میں شہر کے کسی بھی علاقے میں ٹریفک جام نہیں ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہر سرینگر میں اس وقت باقی اضلاع سے 85فیصد گاڑیاں آتی ہیں اور صبح اور شام اُس کی وجہ سے کسی کسی علاقے میں ٹریفک جام لگ جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کی یہ کوشش ہے کہ شہر میں ٹریفک نظام میں سدھار لایا جائے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔رام باغ میں ٹریفک جام کے متعلق انہوں نے کہا کہ جب تک فلائی اور کی تعمیر مکمل ہو گی وہاں ٹریفک جام لگا رہے گا ۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *