سرینگر //دختران ملت نے کہا ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی کی کتاب سپائی کرانکلز جھوٹ کا پلندہ ہے اور حقیقت سے اس کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ایک بیان میں تنظیم کی ترجمان رفعت فاطمہ نے کہا کہ اس کتاب میں ڈرامہ اور افسانہ نگاری کی گئی ہے لیکن حقائق کا اس سے دور کا بھی واسطہ نہیں۔ان من گھڑت واقعات کو پیش کرنے کا بظاہر ایک ہی مقصد ہے پاکستان کے دشمنوں کو فائدہ پہنچایاجائے۔رفعت نے کہا کہ درانی کی شخصیت ہمیشہ سے ہی سوالوں کے دائرے میں رہی ہے اور اس کتاب میں کئے گئے دعوے صرف ان کی منافقت پر دلالت کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ درانی وہی شخص ہے جس کو پاکستان کی عدالت عظمی نے 1990 میں اپنے منصب کا ناجائز فائدہ اٹھانے کا الزام عائد کیا اور جس نے نواز شریف کی انتخابات میں مدد کی تھی۔ چونکہ نواز شریف ابھی مشکل میں ہیں تو اس کی وفاداری کا ثبوت دیتے ہوئے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش میں ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بھی غور طلب بات ہے کہ اس کتاب کی تقسیم کس سرعت کے ساتھ کی گئی۔ کتاب جاری کئے جانے کے 12 گھنٹے میں اس کی پی ڈی ایف پوری دنیا میں مفت تقسیم کی گئی جس سے ثابت ہوتا ہے کہ درانی کا مقصد اس کتاب سے پیسا کمانا بھی نہیں۔اس کا مقصد صرف پاکستان ، پاکستانی فوج اور اس کی ایجنسیوں کو بھارت کے اشارے پر بدنام کرنا ہے۔رفعت نے کہا کہ لوگوں کو سمجھنا چاہئے کہ یہی وہی آدمی ہے جس نے پاکستان کی افغان پالیسی کو سبوتاڑ کیا جب وہ آئی ایس آئی سربراہ تھا اور اس کا اعتراف کئی
سرکردہ افسران نے کیا۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان کو اپنے داخلی دشمنوں کو کنٹرول کرنا چاہئے جو دنیا بھر میں جھوٹ اور کنفیوڑن پھیلا رہے ہیں۔لوگوں کو چاہیے کہ اس کتاب کا مطالعہ کرتے وقت وہ درانی کی ساکھ کو دھیان میں رکھے اور اس کے بھارت کے ساتھ یارانوں کا بھی پتہ رکھے۔