عظمیٰ نیوزسروس
جموں//ایک پاکستانی درانداز کی لاش، جسے بی ایس ایف نے انتباہ کو نظر انداز کرنے اور بین الاقوامی سرحد کے پار سے ہندوستان میں داخل ہونے کی کوشش کرنے کے بعد مار دیا تھا، بدھ کو پاکستان رینجرز کے حوالے کر دیا گیا۔حکام نے کہاکہ دراندازی کرنے والے کو دو دن قبل بی ایس ایف نے اس وقت گولی مار دی تھی جب اس نے بار بار کی وارننگ کو نظر انداز کیا اور جارحانہ انداز میں کٹھوعہ ضلع کے ہیرا نگر سیکٹر میں سرحدی باڑ کے قریب پہنچا۔بعد میں وہ ایمزجموں میں علاج کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پاکستان رینجرز نے مقتول کی شناخت سراج علی (51سال) کے نام سے کی جو نارووال ضلع کے گاؤں سرہالی کا رہائشی تھا اور بی ایس ایف کی جانب سے واقعے پر احتجاج درج کرانے کے بعد اس کی لاش واپس کرنے کا مطالبہ کیا۔حکام نے بتایا کہ تمام رسمی کارروائیوں کو مکمل کرنے کے بعد، علی کی لاش کو بدھ کی شام تقریباً 5بجے جموں ضلع کے آر ایس پورہ سیکٹر میں پاکستان رینجرز کے حوالے کیا گیا۔