عظمیٰ نیوز سروس
گیاجی//وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک میں دراندازوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا اور کانگریس اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) جیسی پارٹیوں پر دراندازوں کے ذریعے بہار کے لوگوں کے حقوق چھیننے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ دراندازوں کو ہرحال میں ملک بدر کیا جائے گا۔ جمعہ کو بہار کے گیاجی میں مختلف اسکیموں کا آغاز کرنے کے بعد ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ کانگریس اور آر جے ڈی اپنے ووٹ بینک کے لیے دراندازوں کا استعمال کر رہے ہیں اور انہیں تحفظ بھی دے رہے ہیں۔ کانگریس اور آر جے ڈی کو ملک کے اندر بیٹھا درانداز بتاتے ہوئے انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ ایسی پارٹیوں سے ہوشیار اورمحتاط رہیں۔ مودی نے کہا کہ ملک سے دراندازوں کو باہر نکالنے کے لیے ڈیموگرافی مشن بنایا گیا ہے ، جو بہت جلد اس سمت میں اپنا کام شروع کرے گا۔ مودی نے کہا کہ دراندازوں کی بڑھتی ہوئی تعداد ملک کے لیے تشویشناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ سے بہار کے سرحدی اضلاع کی آبادی میں تیزی سے تبدیلی آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک کے مستقبل کا فیصلہ در اندازی کرنے والوں کو نہیں کرنے دیاجائے گا۔کل ہی اوزیر اعظم نریندر مودی نے کولکاتا میں 5200 کروڑ روپے کی اہم میٹرو ریل منصوبوں اور چھ لین والے ایلیویٹڈ کونا ایکسپریس وے ، قومی شاہراہ 12 کا افتتاح کیا۔وزیر اعظم نے 13.61 کلومیٹر طویل نئے میٹرو نیٹ ورک کا افتتاح کیا اور اب ان راستوں پر میٹرو خدمات کا آغاز کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے جیسور روڈ سے نوآپارا۔جئے ہند ایئرپورٹ میٹرو سروس کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ انہوں نے سیالدہ۔ایسپلینیڈ میٹرو سروس اور بیلے گھاٹا۔ ہیمنت مکھ وپادھیائے میٹرو سروس کا بھی افتتاح کیا۔وزیر اعظم نے ان میٹرو لائنوں کے ساتھ ساتھ ہاوڑہ میٹرو اسٹیشن پر ایک نئے تعمیر شدہ سب وے کا بھی افتتاح کیا۔ اس سے نوآپارا۔جئے ہند ایئرپورٹ میٹرو سے ہوائی اڈے تک رسائی میں نمایاں بہتری آئے گی۔سیالدہ۔ایسپلینیڈ میٹرو لائن سے دونوں مقامات کے درمیان سفر کا وقت تقریباً 40 منٹ سے کم ہو کر صرف 11 منٹ رہ جائے گا۔ بیلے گھاٹا۔ہیمنت مکھ وپادھیائے میٹرو لائن، آئی ٹی ہب سے جُڑنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔یہ میٹرو راستے کولکاتا کے چند سب سے مصروف علاقوں کو جوڑیں گے ، سفر کے وقت میں واضح کمی لائیں گے اور ملٹی۔موڈل کنیکٹیوٹی کو مضبوط کریں گے ، جس سے روزانہ کے لاکھوں مسافروں کو فائدہ ہوگا۔یہ قدم کولکاتا کے نقل و حمل کے نظام میں ایک تاریخی پیش رفت ثابت ہوگا، جو دارالحکومت کو مستقبل کی اسمارٹ موبلٹی سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس منصوبے سے نہ صرف مسافروں بلکہ شہر آنے والے سیاحوں کو بھی فائدہ ہوگا اور اس کا خاص فائدہ اگلے ماہ درگا پوجا کے دوران شہر آنے والے عقیدت مندوں کو یقینی طور پر ملے گا۔