غلام نبی رینہ
کنگن//گمری دراس کے مقام پرلداخ سے سرینگر آرہے ایک ٹیمپوٹراولر کوپیش آئے حادثے میں دوافرادہلاک اوردیگر15زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع سے ملی تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح 6 بجکر 15 پر لداخ سے سرینگر آرہا ایک ٹیمپو ٹراولر زیر رجسٹریشن نمبر 0871-JK02DJجس کو اجے سنگھ ساکن اکھنور جموں چلا رہا تھا ،گمری دراس کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر دو سو فٹ گہری کھائی میں جاگرا ،جس کے نتیجے میں ٹیمپو میں سوار 17 افراد زخمی ہوگئے ۔ حادثے کی خبر ملنے کے فورا بعد فوج اور پولیس جائے موقع پر پہنچ گئے اور بچائو کارروائی شروع کردی اور زخمیوں کو علاج کے لئے نزدیکی فوجی ہسپتال لیجایا گیا ۔پولیس کے مطابق اس حادثے میں دو افراد کی موقع پر موت واقع ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں دیگر زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال دراس منتقل کیا گیا ،جہاں سے تین کی حالت نازک قرار دیکر انہیں ضلع ہسپتال کرگل منتقل کیا گیا ۔ ایس ایچ او پولیس سٹیشن دراس منظور حسین میر نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ یہ حادثہ بدھ کی صبح چھ بجکر 15منٹ پر گمری میں پیش آیا جس میں دو افراد کی موقع پر موت واقع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ تین افراد کی حالت نازک بتائی گئی جن کو مزید علاج و معالجہ کے لئے ضلع ہسپتال کرگل منتقل کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے حادثے سے متعلق کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کے چیف ایگزیکٹو کونسلر ڈاکٹر جعفر آخون نے گمری میں پیش آئے سڑک حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ خود دراس میں حادثے کی خبر ملنے کے بعد ہسپتال پہنچ گئے اور زخمیوں کی عیادت کی اور ہسپتال عملے کو ہدایت دی کہ وہ زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرے۔ انہوں نے اس حادثے میں دو افراد کے ہلاک ہونے پر بھی دکھ کا اظہار کیا ۔ جعفر آخون نے کہا کہ میں سرینگر لداخ شاہراہ پر سفر کررہے ڈرائیوروں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ تیز رفتاری سے گریز کرے تاکہ انسانی جانوں کا زیاں نہ ہو۔