محمد بشارت
کوٹرنکہ //پیر پنچال کے مختلف علاقوں میں بارش جہاں راحت کا سبب بنی، وہیں دراج سے سلٹھ جانے والی سڑک شدید متاثر ہوئی۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رات گئے پیجم کے مقام پر بھاری پسی اور چٹانیں کھسکنے کے باعث سڑک مکمل طور پر بند ہو گئی، جس سے مسافروں اور مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔علاقہ مکینوں کے مطابق، پورا دن سڑک بند رہی، اور تاحال پسیاں نہیں ہٹائی گئی ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران اکثر ایسے واقعات پیش آتے ہیں، لیکن متعلقہ محکمے کی جانب سے کوئی فوری اقدامات نہیں کئے جاتے، جس کی وجہ سے عوام کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں نے ڈپٹی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ برسات کے دوران سب ڈویژن کوٹرنکہ میں محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے عملے کو متحرک رکھا جائے اور سڑکوں پر ضروری مشینری بھی دستیاب رکھی جائے، کیونکہ اس علاقے میں برسات کے دوران پسیاں گرنے کے واقعات عام ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو مستقبل میں مزید مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔