سرینگر //پی ڈی پی نے وزیر خزانہ سے منسوب بیان کے تناظر میں ان سے وضاحت طلب کرلی ہے۔پارٹی کی انضباطی کمیٹی نے ایک بیان میں درابو سے کہا ہے’’ جموں و کشمیر کی سیاسی حیثیت کے بارے میں پچھلے دو دن سے آپکے نام سے ایک بیان منسوب کیا گیا ہے، جیسا کہ اخبارات میں آیا ہے،جس میں آپ نے مبینہ طور پر کہا ہے کہ جموں و کشمیر ایک سیاسی مسئلہ نہیں بلکہ صرف سماجی معاملات کا مجموعہ ہے‘‘۔کمیٹی کے چیئر مین عبدالرحمان ویری کی جانب سے بیان میں مزید کہا گیا ہے ’’ آپکو معلوم ہے کہ یہ بات پارٹی کے موقف اور ایجنڈا کے برعکس ہے جو آپ نے مبینہ طور پر اعلیٰ سطح پر بتائی ہے‘‘۔ویری کا مزید کہنا ہے’’ آپکے مبینہ بیان سے پارٹی کی ساکھ اور اسکی اعتباریت مجروح ہوسکتی ہے، لہٰذا آپکو مشورہ دیا جارہا ہے کہ آپ اس بات کی وضاحت کریں کہ پارٹی کے مفادات کے بر خلاف بیان کیوں دیا گیا‘‘۔ادھر پی ڈی پی نے موصوف کے خیالات سے مکمل طور پر لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے اپنا بیان واپس لینے کیلئے کہا ہے۔پی ڈی پی نائب صدرسرتاج مدنی نے ڈاکٹرحسیب درابوکواپنابیان واپس لینے کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ جموں وکشمیرایک سیاسی مسئلہ ہے ،اوراسکاحل پی ڈی پی کابنیادی ایجنڈاہے۔سرتاج مدنی نے ایک بیان میں کہاکہ پی ڈی پی کاموقف واضح ہے کہ جموں وکشمیرایک سیاسی مسئلہ ہے ، اس مسئلے کاحل پارٹی کابنیادی موقف ہے ۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی لیڈروں کوحساس معاملات اورپارٹی کے بنیادی موقف سے متعلق اظہارخیال کرتے وقت ہوشیاررہنے کیساتھ ساتھ احتیاط سے بھی کام لیناچاہئے تاکہ بلاوجہ کوئی سیاسی تنازعہ پیدانہ ہوجائے ۔سرتاج مدنی نے واضح کیاکہ پارٹی کے بانی مرحوم مفتی محمدسعید کی یہ ہمہ وقت کوشش اورجدوجہدرہی کہ مسئلہ کشمیرکوسیاسی طورپرحل کرایاجائے اوراس مقصدسے انہوں نے سال2002سے 2005تک بھارت اورپاکستان کے درمیان مذاکراتی عمل بحال کرانے میں اہم رول اداکیا۔پی ڈی پی نائب صدر نے کہاکہ جب پارٹی نے مسئلہ کشمیرکے حل کی وکالت کرنے کیساتھ ساتھ کشمیری عوام کے جذبات واحساسات کی بات کی تواسی بناء پرریاستی عوام بالخصوص اہل وادی نے اس پارٹی کواپناترجمان مانا۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی ہمیشہ کہتی آئی ہے کہ جموں وکشمیرمیں عزت کیساتھ امن قائم ہوناچاہئے اوراس سے صاف ظاہرہوتاہے کہ پارٹی لیڈرشپ کابنیادی موقف اورایجنڈایہی ہے کہ کشمیرایک سیاسی مسئلہ ہے جسکوسیاسی طورپرہی حل کیاجاسکتاہے ۔