کشتواڑ// خشک موسم میں ہی چٹانیں کھسکنے اور پسیاں گر آنے کی وجہ سے ڈوڈہ کشتواڑ قومی شاہراہ منقطع ہو گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کی شام کو چھ بجے کے قریب کشتواڑ سے 20کلو میٹر دور درابشالہ کلگاڑی میں ایک بڑی پسی آگئی اور شاہراہ کے ایک طویل حصہ کو اپنے ساتھ بہا لے گئی۔ نتیجہ کے طور پراس شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت منقطع ہو گئی۔ اچانک آئی پسی کی زد میں آکر سی آر پی ایف کی گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم اس کے سوار بال بال بچ گئے۔رابطہ قائم کرنے پر ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ یہ پسی کافی بڑی ہے اور اسے صاف کر کے شاہراہ کو گاڑیوں کی نقل و حمل کے قابل بنانے میں دو سے تین دن کا عرصہ لگ سکتا ہے ۔ اس دوران کل یعنی 19تاریخ کو کے اے ایس کے پرلیمنری امتحانات میں شرکت کی غرض سے ڈوڈہ بھدرواہ اور جموں تک جانے والے امیدواروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے بالخصوص خواتین امیدواروں کیلئے اس پسی کو پار کرنا قریب قریب ناممکن ہے ۔