سرینگر//دختران ملت نے پاکستانی انتظامیہ کی طرف سے حافظ محمد سعید کی سربراہی والی جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاونڈیشن کیخلاف کریک ڈاون کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے*۔ایک بیان میں دختران ملت کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی نے پاکستانی ارباب اقتدار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ’’یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ حافظ سعید کا ہر اقدام پاکستان کے حق میں ہے اور وہ اور ان کی تنظیم کا ہر رکن ہر پاکستانی سے زیادہ پاکستان سے محبت رکھتا ہے۔ حافظ سعید نے اپنی تمام زندگی اور متاع مملکت خدا داد کیلئے قربان کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کا یہ اقدام اپنے پیروں پر کلہاڑی مارنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اس اقدام سے مقصد دنیا خصوصا برہمن سامراج کی خوشنودی حاصل کرنا ہے۔ یہ سب حال ہی میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی انسانی حقوق کانفرنس کے پس منظر میں ہورہا ہے اور چونکہ اس کانفرنس میں کئی ممالک نے شرکت کی تھی اسلئے انہیں خوش کرنے کیلئے یہ سب کیا جارہاہے۔اندرابی نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور سماجی تنظیموں کو بند کرنے سے بنیادی سطح پر لوگ متاثر ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اپنے ہی ادارے چلانے میں ناکام رہی ہیں اور اسلئے جن اداروں کو اس نے اپنے قبضہ میں لیا ہے ان کے انتظام میں بھی وہ کامیاب نہیں ہوگی۔یہ ادارے عوام کے خون پسینے سے قائم ہوئے تھے اور ان کا انتظام کسی طور ان کے ہاتھ نہیں دیا جاسکتا جو ذاتی مفادات کیلئے پاکستان کے مفادات پر سمجھوتے کر جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے انتظام ہر بیٹھے یہ ناعاقبت اندیش لوگ کب تک دوسروں کو خوش کرتے رہیں گے۔ صورت حال یہ ہے کہ اس بین الاقوامی انسانی حقوق کانفرنس میں کشمیر کا تذکرہ تک نہیں ہوا نہ ہی بھارت کی طرف سے کشمیر میں جاری کشت خون پر کسی نے لب کشائی کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کو سمجھنا چاہئے کہ اس طرح کے احمقانہ اقدامات سے تحریک تکمیل پاکستان کی جد وجہد کرنے والے کشمیری لوگوں کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑے گا۔