دبئی //دبئی میں پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو فالو آن نہ کراتے ہوئے اپنی دوسری اننگز کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔اب سے کچھ دیر قبل ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 357 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ہے۔ اس طرح پاکستان کو اپنی دوسری اننگز میں 222 رنز کی برتری حاصل ہے۔پاکستان کی جانب سے ایک مرتبہ پھر یاسر شاہ سب سے کامیاب بولر رہے جنھوں نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔اس کے ساتھ ساتھ یاسر شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے۔ انھوں نے یہ کارنامہ 17 ٹیسٹ میچوں میں سرانجام دیا۔فالو آن سے بچنے کے لیے مہمان ٹیم کو مزید 23 رنز درکار تھے جو وہ نہ مکمل کر سکی، لیکن پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوبارہ بیٹنگ کروانے کا فیصلہ نہ کرتے ہوئے اپنی دوسری اننگز کھیلنے کو ترجیح دی۔اتوار کو جیسن ہولڈر اور شین ڈورچ نے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں یاسر شاہ نے ڈورچ کو ایل بی ڈبلیو کر کے ٹیم کو ساتویں کامیابی دلوا دی۔ویسٹ انڈیز کے آؤٹ ہونے والے آٹھویں کھلاڑی جیسن ہولڈر تھے جو یاسر شاہ ہی کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ جبکہ نویں وکٹ بھی یاسر شاہ نے ہی حاصل کی جب انھوں نے کمنز کو بولڈ کر دیا۔اس طرح یاسر شاہ نے اس میچ کی پہلی اننگز میں اپنی پانچ وکٹیں حاصل کیں اور ساتھ ہی 17 ٹیسٹ میچوں میں اپنی 100 وکٹیں بھی مکمل کرلیں۔پاکستان کی جانب سے اب تک یاسر شاہ نے چار اور وہاب ریاض نے دو جبکہ سہیل خان اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ لی ہے۔ویسٹ انڈین اننگز میں اب تک کی خاص بات ڈیرن براوو اور مارلن سیمیولز کی نصف سنچریاں تھیں۔ براوو 87 جبکہ سیمیولز 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔سیمیولز اس دورے سے قبل آسٹریلیا اور سری لنکا کے دوروں میں بری طرح ناکام رہے تھے لیکن اس مرتبہ انھوں نے اپنی ٹیم کے نقطہ نظر سے ایک اہم اننگز کھیلی۔نواز نے جب تیسرے دن کے اختتامی لمحات میں براوو کو آؤٹ کیا تو یہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی پہلی وکٹ تھی۔اس ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے اظہر علی کی ٹرپل سنچری جبکہ سمیع اسلم، اسد شفیق اور بابر اعظم کی نصف سنچریوں کی بدولت پہلی اننگز میں 579 رنز بنائے تھے۔