سرینگر/دانشگاہ کشمیر میں شعبہ قانون کے طالب علموں نے جمعرات کو احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے فائینل امتحانات ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین مطالبہ کررہے تھے کہ ا ُن کے فائینل امتحانات اگلے برس کے ماہ مارچ تک ملتوی کئے جائیں۔
عینی شاہدین کے مطابق درجنوں طالب علموں نے جمع ہوکر رواں ماہ امتحانات منعقد کرنے کیخلاف احتجاج کیا ۔
طالب علموں کے احتجاج اور مطالبے کو لیکر کشمیر یونیورسٹی میں شعبہ قانون کے سربراہ پروفیسر حسین نے کہا کہ امتحانات ماہ دسمبر میں منعقد کرنے کا فیصلہ اُن طالب علموں کے مطالبے کے بعد لیا گیا ہے جو منصف ججوں کی اسامیوں کیلئے فارم بھرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ قانون نے منصف ججوں کی 24اسامیاں پوری کرنے کیلئے درخواستیں طلب کی ہیں اور انہی پوسٹس کیلئے ایل ایل بی کے جو طالب علم درخواستیں دینا چاہتے ہیں اُنہوں نے ماہ دسمبر میں ہی فائینل امتحانات منعقد کرانے کا مطالبہ کیا تاکہ وہ فارم بھرنے کے اہل ہوسکیں۔
پروفیسر حسین کے مطابق بعض طالب علم چاہتے ہیں کہ فائینل امتحانات ماہ مارچ میں منعقد ہوں جس کی وجہ سے اُن کا شعبہ مخمصے کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا'' اب میری رائے ہے کہ دو امتحانات منعقد کئے جائیں ، ایک دسمبر میں اور دوسرا مارچ ہیں تاکہ سبھی طالب علموں کیلئے آسانی ہو''
تاہم انہوں نے کہا کہ یہ اُن کی زاتی رائے ہے اور انتظامیہ کوہی حتمی فیصلہ لینا ہے۔