دارجلنگ// مغربی بنگال کے دارجلنگ شہر میں کل نصف شب کو ہوئے دھماکے سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگوں میں تناؤ کو دیکھتے ہوئے شہر میں اضافی سکیورٹی فورس تعینات کرنی پڑی ہے ۔کسی بھی شخص نے ابھی اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔بتایا جا رہا ہے کہ یہ دھماکہ رات بارہ بج کر پانچ منٹ پر پرانے سپر مارکیٹ اور موٹر بس اڈے کے علاقے کے قریب ہوا۔ اس واقعہ میں کسی بھی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ شہر کے پولس سپرنٹنڈنٹ اکھلیش چترویدي نے آج دھماکہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے لیکن کچھ دکانوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ عینی شاہدین نے بتایا چوک بازار کے قریب کلب سائیڈ علاقے میں یہ دھماکہ ہوا تھا اور اس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے ۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر برگیڈ، پولیس اور سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) جائے وقوعہ پر فوری طور پر پہنچ گئیں۔ اس دھماکے کی نہ کسی شخص اور نہ ہی کسی تنظیم نے ذمہ داری لی ہے ۔یو این آئی