دارجلنگ / سلی گوڑی// علاحد ہ گورکھا لینڈ کے مطالبہ پر مغربی بنگال کے دارجلنگ میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال کے آج 11 ویں دن تازہ واقعات میں پولیس نے گورکھا جن مکتی مورچہ (جی جے ایم) کے صدر ومل گرونگ اور ان کی بیوی آشا کے خلاف گزشتہ ہفتہ سنگماڑی تشدد میں تین نوجوانوں کی موت کے واقعہ پر قتل کا معاملہ درج کیا ہے ۔ اسی دوران ریاستی حکومت کی جانب سے سلی گوڑی میں واقع سرکاری ریسٹ ہاوس میں دوپہرتقریبا ایک بجے منعقد کل جماعتی میٹنگ کی گئی ۔ دوسری طرف تمام اپوزیشن جماعتوں کانگریس، بائیں بازو کی پارٹیوں اور بی جے پی نے اعلان کیا کہ میٹنگ میں جب تک وزیر اعلی ممتا بنرجی شریک نہیں ہوتی ہیں وہ اس میٹنگ میں شامل نہیں ہوں گے ۔ محترمہ بنرجی ان دنو ں ہالینڈ کے دورے پر ہیں۔ دارجلنگ ہلس میں سرگرم اور جی جے ایم حمایت یافتہ میٹنگ میں شامل ہوئی تمام 12 سیاسی جماعتیں پہلے چیف سکریٹری کی صدارت والی کل جماعتی میٹنگ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کر چکی ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر دلیپ گھوش جہاں سہ فریقی میٹنگ بلانے کا مطالبہ کر رہے ہیں، وہیں مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم) نے الزام لگایا ہے کہ دارجلنگ ہلس کی موجودہ صورتحال کیلئے وزیر اعلی ذمہ دار ہیں اور انہیں چاہیے کہ وہ میٹنگ میں حکومت کی نمائندگی کریں۔علاحدہ گورکھا لینڈ حامیوں نے سلی گوڑی میں حکومت حمایت یافتہ میٹنگ کے دوران ہلس میں ریلیاں نکالنے کا فیصلہ کیا ہے ۔