مشتاق الحسن
ٹنگمرگ //ٹنگمرگ میں لڑکیوں کیلئے مخصوص مدرسہ جامعہ اسلامیہ رابعہ بصریہ زسپورہ میں دوران شب اچانک آگ نمودار ہونے سے پہلی منزل مکمل طورپر خاکستر ہوگئی۔آگ کی اس وارادت میں دارلعلوم میں زیر تعلیم100سے زیادہ لڑکیوں کو دوران شب ہی محفوظ مقام پر منتقل کیاگیا البتہ ان لڑکیوں کے بسترے اور دیگر کپڑے وغیرہ جل کر راکھ ہوگئے۔ ٹنگمرگ قصبے سے 7کلو میٹر دور زسپورہ نامی گائوں میں موجود لڑکیوں کیلئے مخصوص دارلعلوم جامعہ اسلامیہ رابعہ بصریہ میں پیر اورمنگل کی درمیانی رات کو اچانک آگ نمودار ہوگئی جس کے نتیجے میں دارلعلوم میں زیر تعلیم 100لڑکیوں میں افراتفری پھیل گئی جس سے دارالعلوم کی پہلی منزل میں دیگر دینی کورس کرنے والی لڑکیوں کے کپڑے اوربسترے خاکستر ہوگئے۔ آگ نمودار ہوتے ہی زسپورہ اور ملحقہ علاقہ جات سے لوگ جائے حادثہ پر پہنچ گئے جنہوںنے فائر سروس ٹنگمرگ کو اطلاع دی۔مقامی نوجوانوں نے فائرسروس عملے کے ساتھ تعاون کرکے دارالعلوم کو زیادہ نقصان ہونے سے بچالیا البتہ آگ کی اس واردات میں دارالعلوم کو لاکھوں روپئے مالیت کا نقصان پہنچ گیا ۔ ابتدائی طور آگ لگنے کی وجہ بجلی شارٹ سرکٹ بتائی جاتی ہے۔