سرینگر//دارالخیر میرواعظ منزل سرینگر نے عقلمیر خانیار کے آتشزدگان سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔گذشتہ دنوں آتشزدگی کی ایک واردات میں مقامی مسجد شریف کے ساتھ ساتھ نصف درجن رہائشی مکانات خاکستر ہوگئے تھے ۔دارالخیرنے مسجد شریف کی تعمیر نو اور متاثرین کی فوری باز آبادکاری اور امداد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ایک بیان کے مطابق دارالخیر کے سرپرست اعلیٰ میرواعظ محمد عمرفاروق کی ہدایت پر مفتی غلام رسول سامون کی قیادت میں ایک وفد نے عقلمیر خانیار جاکرمتاثرین میں چاول ، آٹا،کمبل اور کچن کٹ(Kitchen kit) وغیرہ اور بنیادی ضروریات کی چیزیں بطور امداد پیش کیں اور ان کے ساتھ دارالخیر کی جانب سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ۔اس دوران رواں سنگین صورتحال اور معاشی بدحالی کے پیش نظر دارالخیر میرواعظ منزل نے ایک بار پھرتمام صاحب ثروت حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ حسب سابق ادارہ کے ساتھ مالی معاونت کا سلسلہ جاری رکھیں تاکہ دارالخیر اپنے دستور اور منشور کے مطابق بلا امتیاز مذہب و ملت اپنا امدادی مشن پوری یکسوئی کے ساتھ آگے بڑھا سکیں۔بیان کے مطابق صاحب ثروت افرادجے کے بینک اکائونٹ نمبر0086010100003534میںاپنے عطیات ،خیرات، زکوٰۃ اور صدقات جمع کرکے اجر دارین حاصل کریں۔