سرینگر //باغ گلہ لالہ کی سیر کو آنے والے سیاحوں کو بھی جی ایس ٹی کی مار جھیلنی پڑی کیونکہ سیاحوں کیلئے ٹکٹ فیس میں 18فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ اتوار کو سیاحوں کی آمد کیلئے کھولے گئے ایشا ء کے سب سے بڑے ٹولپ گارڑن میں مقامی وغیر مقامی سیاحوں کو اُس وقت پریشان ہو تے ہوئے دیکھا گیا جب باغ میں جانے والے بالغوں سے59روپے اور بچوں سے 24روپے ٹکٹ کی فیس وصول کی گئی۔مقامی سیاحوں کا کہنا ہے کہ پچھلے سال باغ میں آنے کیلئے بالغوں سے 50 اور بچوں سے 20روپے ٹکٹ فیس وصول کرتے تھے تاہم امسال اس میں اچانک اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ محکمہ باغبانی کا کہنا ہے کہ جی ایس ٹی کی وجہ سے باغ میں داخلہ ٹکٹ کی قیمت میں معمولی اضافہ کیا گیا ہے ۔محکمہ پھولبانی کی ڈائریکٹر مطہورہ معصوم نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ نے باغ کو مناسب ٹینڈرنگ کے بعد آوٹ سورس کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ باغ میں آنے والے سیاحوں کیلئے ٹکٹ کی قیمت میں کوئی بھی اضافہ نہیں کیا گیا ہے اور ابھی بھی باغ میں داخل ہونے والے بالغوں کیلئے ٹکٹ کی قیمت 50روپے اور بچوں کیلئے یہ قیمت 20روپے ہی ہے تاہم اس میں اضافہ جی ایس ٹی کی وجہ سے ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کے مطابق اب 9فیصد سٹیٹ کمرشل ٹیکس اور 9فیصد سنٹر کمرشل ٹیکس لگتا ہے اور اس لئے ٹکٹ میں 9روپے کا اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جی ایس ٹی کے تحت ریٹ میں 20پیسے کا فرق آتا تھا تاہم محکمہ خزانہ کی ہدایت کے بعد ہی اس کو مقرر کیا گیا ۔اس دوران مقامی سیاحوں نے ریاستی سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ سیاحوں کیلئے ٹکٹ کی فیس میں کمی کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح باغ کی سیر کر سکیں ۔