عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کمیٹی فار فکسیشن اینڈ ریگولیشن آف پرائیویٹ اسکولز(ایف ایف آر سی)، جموں و کشمیر نے ایک سرکیولرجاری کیا ہے جس میں نجی تعلیمی اداروں کو والدین سے سیکورٹی ڈیپازٹس یا کسی بھی غیر منظور شدہ داخلہ فیس کی وصولی سے منع کیا گیا ہے۔ اس میں انتباہ دیا گیا ہے کہ اس طرح کے طرز عمل سے قانونی ضابطوں کی خلاف ورزی ہوتی ہے اور خاندانوں پر غیر منصفانہ مالی بوجھ پڑتا ہے۔5 اگست کی ہدایت پر ایف ایف آر سی کے چیئرپرسن جسٹس (ریٹائرڈ)سنیل ہالی نے کہاکہ شکایات کی ایک لہر میں الزام لگایا گیا ہے کہ کچھ سکول داخلوں کے دوران ظاہری طور پر داخلہ فیس کے بدلے میں “سیکورٹی ڈیپازٹس” کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
کمیٹی نے اسے جموں و کشمیر سکول ایجوکیشن ایکٹ 2002 اور متعلقہ قواعد میں درج قانونی دفعات کو نظرانداز کرنے کی ایک من مانی کوشش قرار دیا۔ایکٹ کے سیکشن 20-C کا حوالہ دیتے ہوئے، ایف ایف آر سی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کمیٹی کی واضح منظوری کے بغیر پرائیویٹ سکولوں کے ذریعہ کوئی فیس یا چارج نہیں لیا جاسکتا۔ جموں و کشمیر پرائیویٹ سکولز (فیس کا تعین اور ریگولیشن) رولز، 2022 کے رول 8(2) کے تحت، سکولوں کو صرف ٹیوشن اور سالانہ فیس وصول کرنے کی اجازت ہے جو ریگولیٹری باڈی کی طرف سے منظور کی گئی ہے۔سرکیولرمیں کہا گیا ہے، “جموں و کشمیر میں کام کرنے والے تمام نجی تعلیمی اداروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ منظور شدہ فیس کے ڈھانچے پر سختی سے عمل کریں اور کوئی بھی غیر مجاز چارجز عائد کرنے سے گریز کریں۔”والدین اور سرپرست جنہوں نے پہلے ہی اس طرح کی ادائیگیاں جمع کرا دی ہیں ان سے کمیٹی کے پاس باضابطہ شکایات درج کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ ایف ایف آر سی نے یقین دلایا کہ شکایت کنندگان کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔