عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سرینگر پولیس نے خیام چوک، خانیار میں 3 اور 4 اگست 2025 کی درمیانی شب پیش آنے والے ہلڑ بازی کے ایک واقعہ میں 5 غنڈوں کو گرفتار کیا ہے۔اس واقعہ کے سلسلے میں سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ماضی کی ’ گجر گینگ‘ کی طرح ایک اور گروپ نے طوفان ہلڑ بازی کا مظاہرہ کر کے بستی میں ادہم مچادی۔ انہوں نے یہاں کئی افراد کا ایک ایک کر کے انکا زدوکوب کیا اور انہیں پٹک پٹک پر نیچے گرا دیا اور لاٹھیوں کا آزادانہ استعمال کیا۔ ’ گجر گینگ‘ نے اس طرح طوفان بدتمیزی کا مظاہرہ کیا کہ یہاں دکانیں بند ہوگئیں اور خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی۔ پولیس نے ایک بیان میں بتایاکہ واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سماجی جرائم کے خلاف فیصلہ کن اقدام کرتے ہوئے،پولیس سٹیشن خانیار میں ایف آئی آر نمبر 40/2025تحت بھارتی نیا سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 109، 115(2) ، 126(2) اور 324(4) کے تحت درج کی گئی۔تفتیش کے دوران پانچوں ملزمان کی شناخت ہوگئی اور بعد میں پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔اس جرم میں استعمال ہونے والی دو گاڑیاں ایک مہندرا اسکارپیو اور ایک ٹویوٹا گلانزا کو بھی جاری تفتیش کے حصے کے طور پر ضبط کیا گیا ۔گرفتار افرادمیں فہیم احمد خان ولد محمد ایوب خان، بوٹہ شاہ محلہ لال بازار،طلعت حسن ولد غلام حسن ڈار، ساکن ہاوسنگ کالونی چھانہ پورہ ، ندیم ملک ولد بشیر احمد ملک ساکن نٹی پورہ مہجور نگر، امیر رشید مولوی ولد عبدالرشید مولوی ساکن جوگی لنکررعناواری اور مدثر احمد شیخ ولد شیخ نذیر احمدساکن اخر اج پورہ سرینگرشامل ہیں ۔ملزمان مبینہ طور پر عوامی انتشار پیدا کرنے اور علاقے کے چند افراد پر جسمانی حملہ کرنے میں ملوث تھے۔پولیس نے مزیدکہاکہ فی الحال معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔