سرینگر//نیشنل فرنٹ چیئرمین نعیم احمد خان نے کہا ہے کہ جب تک نئی دلی اپنا نظریہ تبدیل نہیں کرے گی ،کشمیر کے اندر خون خرابہ بند نہیں ہوگا اور نہ خطے کے اندر پائیدار امن و استحکام قائم ہوگا ۔پارٹی صدر دفتر پر ایک میٹنگ کے دوران کارکنان اور عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے نعیم خان نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ بھارتی مظالم آزادی پسند کشمیریوں کے بلند حوصلوں کو نہیں توڑ سکتے ہیں۔ نعیم خان نے پارٹی کارکنان کو بتایاکہ نئی دلی عوام پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ کرلوگوں کو سرنڈر کروانا چاہتی ہے،بھارت یہاں کے مقامی آلہ کاروں کو کام میں لاکر خطے کے اندر کسی بھی قسم کی آواز کو دبانے کیلئے کمر بستہ ہے،اس کیلئے وہ ہر حربہ آزما رہا ہے تاکہ لوگوں کو مسلسل خوف میں مبتلاءرکھا جاسکے لیکن یہ حربے جذبہ آزادی کے سامنے کار گر ثابت نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ وردی پوش اہلکاروں نے عملی طور پوری کشمیری آبادی کو یرغمال بنائے رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی آزادی پسندی کے آگے آخر کار نئی دلی کو ہی سرنڈر کرنا پڑے گا اور وہ دن دور نہیں ہے ۔