عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// ہسپتال اور بلڈ بینک اب صرف خون کے لیے پروسیسنگ فیس ہی وصول کر سکتے ہیں کیونکہ اعلی ترین ڈرگ ریگولیٹر نے اوور چارجنگ کے عمل کو روکنے کے لیے دیگر تمام فیسوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تمام ریاستوں اور یوٹی ڈرگ کنٹرولرز اور لائسنسنگ حکام کے ساتھ ایک مواصلت میں، ڈرگس کنٹرولر جنرل آف انڈیا (DCGI )نے کہا کہ یہ فیصلہ اس رائے کے پیش نظر کیا گیا ہے کہ “خون برائے فروخت نہیں ہے”۔26 ستمبر 2023 کو منعقدہ ڈرگس کنسلٹیو کمیٹی کے 62 ویں اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے، DCGI نے 26 دسمبر کو خط میں کہاکہ خون فروخت کے لیے نہیں ہے، یہ صرف سپلائی کے لیے ہے اور بلڈ سینٹر کی طرف سے صرف پروسیسنگ کی قیمت وصول کی جا سکتی ہے۔ نظرثانی شدہ رہنما خطوط میں کہا گیا ہے کہ خون یا خون کے اجزا کے لیے صرف پروسیسنگ فیس وصول کی جا سکتی ہے جو کہ خون یا خون کے اجزا کے لیے 250 سے 1550 روپے کے درمیان ہے۔DCGI نے ریاستوں اور یوٹی ڈرگ کنٹرولرز سے کہا ہے کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے تمام بلڈ سنٹرز کو نظر ثانی شدہ رہنما خطوط پر عمل کرنے کی ہدایت دیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق خون کا عطیہ نہ دینے کی صورت میں پرائیویٹ ہسپتالوں کی جانب سے خون کی فی یونٹ قیمت 3000 سے 8000 روپے کے درمیان رکھی گئی ہے۔ خون کی کمی یا نایاب خون کے گروپس کی صورت میں چارجز زیادہ ہو سکتے ہیں۔