پلوامہ+بانہال // اونتی پورہ کے لتہ پورہ علاقے میں بدھ کے صبح ایک دلدوز حادثے میں بارہمولہ سے تعلق رکھنے والے ایک گھر کے میاں بیوی اور کمسن جاں بحق ہوئے جبکہ انکی بیٹی معجزاتی طور بچ گئی تاہم اسے نازک حالت میں اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ سرینگر جموں شاہراہ پر لتہ پورہ کے نزدیک بدھ کی صبح جموں سے سرینگر آرہی ایک آٹو800گاڑی ایف سی آئی گودام کے باہر مخالف سمت سے آرہے ایک تیز رفتار ٹرک زیر نمبر PBO-66n2267 سے ٹکرا گئی،جس کے نتیجے میں ہتھ لنگو سوپور سے تعلق رکھنے والے ایک ہی گھر کے تین افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ایک کمسن بچی معجزاتی طور بچ گئی۔ٹرک ڈرائور فرار ہوگیا ہے۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بدھ کی صبح جموں سے سرینگر کی طرف آری ایک تیز رفتار الٹو گاڑی جس پر ابھی نمبر بھی موجود نہیں تھا، لتہ پورہ کے مقام پر چاول سے بھرے ٹرک کے ساتھ ٹکرائی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار میاں بیوی سمیت تین افراد جاں بحق ہوئے ۔ جن کی شناخت غلام نبی ڈارولد غلام محمد ڈار، انکی اہلیہ فریدہ بیگم اور انکا بیٹا 3سالہ نصیر احمد ساکنان ہتھ لنگو سوپور موقعہ پر ہی جاں بحق ہوئے ۔ حادثے میں ایک کمسن بچہ بچ گیا۔ پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جائے واردات پر پہنچ کر گاڑی میں سبھی افراد کو اسپتال لے جانے کی کوشش کی تاہم وہ موقعے پر ہی لقمہ اجل بن گئے تھے پولیس نے اس حوالے سے اونتی پورہ پولیس تھانہ میںایک کیس زیر نمبر51/2018درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ادھرجموں سرینگر شاہراہ پر ڈگڈول کے مقام پرمنگل اور بدھ کی درمیانی رات ایک بلیرو گاڑی بھاری پتھر کی زد میں آئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک شخص کی موت واقع ہوگئی جبکہ ایک زخمی ہوا۔پولیس ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بلیرو گاڑی زیر نمبرJK01V/7711منگل کی رات ساڑھے گیارہ بجے کے قریب ڈگڈول کے پاس پہاڑی سے لڑھک کر آنے والے ایک بھاری پتھر کی زد میں آگئی۔جس کی وجہ سے گاڑی میں سوار 23 سالہ بارک ہلال ولد ہلال احمد دگلو ساکن عثمانیہ کالونی ، صنعت نگر سرینگر موقع پر ہی لقمہ اجل بن گیا جبکہ گاڑی چلانے والا نوجوان 25 سالہ داود رشید ولد عبدالرشید ساکن خانقاہ سرینگر زخمی ہوا اور اسے رام بن ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی رام بن پولیس اور مقامی فورلین ورکروں اور لوگوں کی مدد سے زخمی اور ہلاک ہوئے دونوں افراد کو گاڑی کے اوپر گرے بھاری پتھر کو بڑی مشکل سے ہٹایا کر باہر نکالا گیا۔