عظمیٰ نیوز سروس
ادھم پور//بے سہارا اور معذور ویلفیئر ایسوسی ایشن نے ضلع انتظامیہ، ادھم پور کے تعاون سے ضلع کی مجلٹا تحصیل کے خونیشور شیو مندرمیں 27ویں سالانہ مہا شیو راتری-کم-دیہی بیداری میلے کا انعقاد کیا۔اس میلے میں سینکڑوں افراد قدیم مندر میں جمع ہوئے۔اس موقع پر سرکاری محکموں بشمول زراعت، صحت، ویٹرنری اور دیگر نے کسانوں کو اپنی اپنی اسکیموں کے بارے میں آگاہی دینے کے لئے اپنے اسٹال لگائے۔ انہوں نے ان مہتواکانکشی اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کے طریقہ کار اور ضروریات کے بارے میں تفصیل سے جانکاری فراہم کی ۔محکمہ زراعت نے کسانوں میں مفت بیج تقسیم کئے اس کے علاوہ محکمہ صحت نے دیہی شرکاء کو مفت ہیلتھ کیئر چیک اپ کی سہولت فراہم کی۔بے سہارا اور معذور ویلفیئر ایسوسی ایشنکی طرف سے مہاشیو راتری کے موقع پر منعقد کئے گئے پروگرام میں میں عقیدت مندوں کی بڑی شرکت دیکھی گئی جنہوں نے اس تقریب میںبھگوان شیو کی آشیرواد حاصل کرنے کے لئے تاریخی قدیم مندر میں سجدہ کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے گزشتہ 27 سالوں سے اس عوامی پروگرام کے انعقاد پر بے سہارا اور معذور ویلفیئر ایسوسی ایشن کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب نے دیہی آبادی کو مختلف سرکاری اسکیموں سے فائدہ اٹھانے میں بے حد مدد کی ہے اس طرح استفادہ کنندگان کی کوریج کو وسعت ملی ہے۔انہوں نے اس سالانہ میلے کے انعقاد کے لئے بے سہارا اور معذور ویلفیئر ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات بیداری پیدا کرنے اور گاؤں کی کمیونٹی کو حکومت کی طرف سے ان کی فلاح و بہبود کے لئے بنائے گئے مختلف اقدامات میں شامل کرنے میں مدد دیتی ہیں۔