عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//ہندوستانی خلائی تحقیقی ادارہ اِسرو کیلئے 2024تاریخی ثابت ہوا۔ اب اسرو 2025میں بھی خلا کے کئی راز جاننے کو پرجوش ہے۔ خلا میں اونچی پرواز کیلئے تیار اسرو اس سال کچھ نئی تاریخ رقم کرنے پر نظر بنائے ہوئے ہے۔ یعنی 2025میں بھی ہندوستان کچھ نئے ریکارڈ بنانے کی راہ پر آگے بڑھ رہا ہے۔2025میں اسرو کئی منصوبوں کو لانچ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ مارچ 2025 میں ناسا اور اِسرو مشترکہ طور پر نسار سیٹلائٹ لانچ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ یہ سیٹلائٹ ناسا اور اِسرو کے درمیان تعاون کے تحت بنایا گیا ہے۔ نسار کا مطلب ناسا-اسرو سنتھیٹک اپرچر رڈار ہے۔ اس سیٹلائٹ کو آندھرا پردیش کے ستیش دھون خلائی مرکز سے لانچ کیا جانا ہے۔اس سیٹلائٹ کو ہر 12 دنوں میں ارض کے تقریبا پورے زمینی علاقہ و برف کی سطحوں کی نگرانی کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ یہ ایکو سسٹم (ماحولیاتی نظام)، زمین اور سمندری برف و ٹھوس ارض میں ہونے والی تبدیلیوں کو ٹریک کرے گا۔ نسار تقریبا 40 فیٹ (12 میٹر) قطر والے ڈرم کے سائز کے ریفلیکٹر انٹینا کے ساتھ رڈار ڈاٹا جمع کرے گا۔ یہ ارض کی زمین اور برف کی سطحوں میں ایک انچ تک تبدیلی کا تجزیہ کرنے کے لیے نسار نامی سگنل-پروسیسنگ تکنیک کا استعمال کرے گا۔نسار کے علاوہ 2025میں اِسرو مزید 6 سیٹلائٹ لانچ کرنے والا ہے۔ اِسرو بحریہ کے لیے جی سیٹ-7 آر، آرمی کے لیے جی سیٹ-7بی، براڈ بینڈ اور اِن-فلائٹ کنکٹیویٹی کے لیے جی سیٹ-این2، ڈیفنس، پیرا ملٹری، ریلوے، فشریز کے لیے جی سیٹ-این3 کے علاوہ گگن یان کے ساتھ رابطہ بنائے رکھنے کے لیے 2 سیٹلائٹ لانچ کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی 6 نگرانی سیٹلائٹ بھی لانچ کیے جائیں گے۔2025میں لوگوں کی نظر ہندوستان کے دیرینہ گگن یان مشن پر بھی رہے گی۔ ملک کا پہلا انسانی خلائی طیارہ پروگرام 2025 کی شروعات میں روبوٹ ویوم متر کے ساتھ آخری تجرباتی پرواز سے گزرنے کے لیے تیار ہے۔ اس سے 2026 میں گگن یان کے ذریعہ پہلے ہندوستانی باشندہ کو خلا میں بھیجا جا سکے گا۔
مرمو، مودی اور دھنکڑ کی نئے سال کے موقع ہم وطنوں کو مبارکباد
یو این آئی
نئی دہلی//صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے نئے سال 2025کے موقع پر تمام ہم وطنوں کو نیک خواہشات دی ہیں۔اپنے پیغام میں صدر جمہوریہ نے کہا کہ نئے سال کے خوشی کے موقع پر میں ہندوستان اور بیرون ملک رہنے والے تمام ہندوستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات دیتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ نیا سال ہماری زندگی میں نئی امیدوں، خوابوں اور امنگوں کی شروعات کی علامت ہے۔ نیا سال ہمیں اپنی خواہشات کو پورا کرنے کیلئے نئے جوش و جذبے کے ساتھ آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ادھر وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے عوام کو 2025کی مبارکباد دی ہے۔ مودی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ سال سبھی کیلئے نئے مواقع، کامیابی اور بے شمار خوشیاں لے کر آئے۔ سبھی کو اچھی صحت اور خوشحالی نصیب ہو۔ادھر نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ نے ہم وطنوں کو نئے سال پر نیک تمنائیں دیتے ہوئے کہا کہ وہ شہری فرائض، خود انحصاری اور سماجی ہم آہنگی کے تئیں اپنے عہد کو دہرائیں اور منفرد اقدار کے ساتھ ہندستان کے ایک پائیدار مستقبل کی تعمیر کے تئیں عہد بند ہونے کی اپیل کی۔نئے سال کے موقع پر منگل کو یہاں جاری ایک پیغام میں نائب صدر کے سکریٹریٹ نے کہا کہ دھنکھڑ نے ہم وطنوں کو نئے سال کی مبارکباد دی اور نیک تمنائیں دی ہیں۔ دھنکھڑ نے کہاکہ تمام شہریوں کو سال 2025ہمارے جمہوریہ کے سفر میں ایک تاریخی موڑ کی آمد پر نیک تمنائیں‘‘۔ادھر نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ نے ہم وطنوں کو نئے سال پر نیک تمنائیں دیتے ہوئے کہا کہ وہ شہری فرائض، خود انحصاری اور سماجی ہم آہنگی کے تئیں اپنے عہد کو دہرائیں اور منفرد اقدار کے ساتھ ہندستان کے ایک پائیدار مستقبل کی تعمیر کے تئیں عہد بند ہونے کی اپیل کی۔