سرینگر//حریت (ع) کے سابق چیئرمین اور اتحاد المسلمین کے سرپرست اعلیٰ مولانا محمد عباس انصاری نے فورسز کی جانب سے جنگجو مخالف کارروائیوں کے دوران نہتے عوام پر فائرنگ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وادی میں کشمیری عوام کے قتل و غارت کا بازار گرم کیا گیا ہے اور آئے روز بے گناہ کشمیریوں کا خون بہایا جارہا ہے۔ مولانا عباس انصاری خوشی پورہ ایچ ایم ٹی میں مجلس حسینی سے خطاب کررہے تھے جس میںبھاری تعداد میں عقیدتمندوں نے شرکت کی۔انہوں نے تحریک آزادی کشمیر سے متعلق ایران کے سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای کے حالیہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ خامنہ ای کے اس بیان سے ایک طرف اُن لوگوں کی زبانیں بند ہوگئیں جو اس خونین تحریک کو فساد گردانتے تھے اور دوسری جانب ان لوگوں کو بھی اب یقین ہوگیا ہے کہ ا یران محض مظلومین اور مستضعفین کی حمایت کے انسانی اور اسلامی اصول کی خاطر اقدام کرتا ہے جو ایران کو خلیج فارس کے ممالک میں بے جا مداخلت پر تنقید کا نشانہ بناتے تھے۔ مجلس سے اتحاد المسلمین کے صدر مولانا مسرور عباس نے بھی خطاب کیا ۔