خالد گل
اننت ناگ//ضلع اننت ناگ کے ساگم گاؤں میں اگائی جانے والی چاول کی ایک خوشبودار قسم کے طور پر مشکیبوجی کو جیوگرافیکل انڈیکیشن (جی آئی) ٹیگ ملنے پرکاشت کارپرجوش ہیں۔ایک طویل قانونی عمل کے بعد منگل کو اس پروڈکٹ کو ٹیگ دیا گیا۔ایف پی او کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) ظفر احمد نے کہا، “یہ کاشتکار برادری کے لیے واقعی ایک بڑی خوشخبری ہے کیونکہ اس سے مشکوبدجی کی پیداوار کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ظفر، پوسٹ گریجویٹ اور ساگم کا رہنے والا ایک کسان ہے،جو اپنی 9 کنال زرعی زمین پر مشکی بوجی کاشت کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ساکھ خراب کرنے کے لیے مارکیٹ میں جعلی قسمیں فروخت کی جاتی تھیں، لیکن اب جی آئی ٹیگنگ سے یہ سلسلہ رک جائے گا۔علاقہ کے دوسرے کسانوں نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔ حاجی عبدالقادرنامی کسان اور ایف پی او کے رکن نے کہا ’’خوشبودار چاول کی زیادہ قیمتیں شادیوں اور تہواروں جیسے خاص مواقع تک اس کی کھپت کو محدود کرتی ہیں، لیکن اب ہم امید کرتے ہیں کہ ہم اس قیمتی قسم کو قومی اور بین الاقوامی منڈیوں میں لے جانے کے قابل ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت خوشبو والی قسم 20,000 روپے فی کوئنٹل کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے اور اب اس کے نرخ بڑھنے کی امید ہے۔ماہرین کا خیال ہے کہ GI ٹیگ نہ صرف مصنوعات کو بین الاقوامی مارکیٹ تک پہنچنے میں مدد دے گا بلکہ اس کے املاک کے حقوق کو بھی محفوظ رکھے گا۔