جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے آج مہا مایا پارک کا دورہ کر کے باہو۔ مہا مایا۔ پیر کھو کیبل کار پروجیکٹ کا جائیزہ لیا۔انہوں نے پروجیکٹ کے مختلف تکنیکی امور کے جائیزے کے علاوہ سیاحوں کے لئے قائم کئے جارہے بنیادی ڈھانچے کے تعمیراتی کام کا بھی جائیزہ لیا۔اُن کے ہمراہ کیبل کار پروجیکٹ کارپوریشن کے افسران اور سیفٹی انجنیئران بھی تھے، جنہوں نے مسافروں کے تحفظ کے لئے کئے گئے اقدامات اور تکنیکی امور کے بارے میں صلاحکار کو جانکاری دی۔سیاحوں کے لئے رؤپ وے کی باضابطہ شروعات سے پہلے حتمی پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے صلاحکار نے انجنیئروں کو بین الاقوامی ضوابط کے مطابق پروجیکٹ کی تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے وقت پر سلامتی سے متعلق ضوابط اور لوازمات کو پورا کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے اور جاری کاموں کی لگاتارا نگرانی کرنے پر زور دیا۔صلاحکار کو بتایا گیا کہ تُرکی کے کنسلٹنٹ انجنیئروں کی طرف سے تکنیکی انسپیکشن کئے جارہے ہیں اور ٹرمنل سٹیشنوں پر کام آخری مرحلے میں ہے۔صلاحکار نے پارک میں قائم کئے جارہے فوڈ کورٹس اور دیگر تفریحی سہولیات کا جائیزہ لیتے ہوئے انہیں وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت دی تا کہ سیاح یہاں آکر لُطف اندوز ہوسکیں۔ انہوں نے باقی ماندہ کاموں کو وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت دی تا کہ اس جگہ کو ایک منفرد مذہبی اور تفریحی مقام کے طور ترقی دی جاسکے۔